کوٹری اسٹیشن کے قریب ریلوے مین لائن زوردار دھماکے سے اڑا دی گئی

ھماکے سے ریلوے پٹری کا ایک فٹ کا ٹکڑا ٹوٹ گیا ‘ ٹرینوں کی آمد رفت بند کر دی گئی ‘ واقعہ دہشت گردی قرار دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 مارچ 2022 11:12

کوٹری اسٹیشن کے قریب ریلوے مین لائن زوردار دھماکے سے اڑا دی گئی
کوٹری ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 31 مارچ 2022ء ) صوبہ سندھ میں کوٹری اسٹیشن کے قریب ریلوے مین لائن کو زوردار دھماکے سے اڑا دیا گیا ، ابتدائی تفتیش کے بعد واقعہ دہشت گردی قرار دے دیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے کی مین لائن کو زوردار دھماکے سے اڑانے کا یہ واقعہ کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب خورشید کالونی کے مقام پر پیش آیا اور دھماکے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد رفت بند کر دی گئی کیوں کہ اس دھماکے کی وجہ سے ریلوے پٹری کا ایک فٹ کا ٹکڑا ٹوٹ گیا اور ٹرینوں کو کوٹری ، حیدرآباد اور بھولاری سمیت دیگر اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ واقعے کے فوری بعد ریلوے حکام نے بی ڈی ایس عملہ طلب کرلیا جب کہ ریلوے پولیس ، ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز بھی واقعے کی جگہ پہنچ گئے ، رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے رواں برس 18جنوری کو صوبہ بلوچستان میں بولان میں مشکاف کے مقام پر ریلوے لائن پر بارودی دھماکا ہوا تھا ، دھماکے کے نتیجے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ، ریلوے انتظامیہ اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثے پر روانہ ہو ئیں تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں جب کہ بوگیاں اترنے سے متعدد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہو ئیں ، دھماکے کی وجہ سے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو سبی اسٹیشن پر روک لیا گیا۔

علاوہ ازیں اس سال کے شروع میں ہی دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر گداگروں کا داخلہ بند کرنے اور حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھیں ، آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار کی طرف سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ، جس میں تمام ایس پیز کو وزارت داخلہ کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے لاہور ، کراچی ، راولپنڈی، کوئٹہ ، سکھر ، پشاور اور ملتان سمیت دیگر اہم ریلوے سٹیشنوں کی حدود میں سکیورٹی کے حوالے سے کسی بھی گدا گر مرد ، خواتین اور بچوں کا مکمل طور پر داخل بند کردیا جائے ۔

مراسلے میں کہا گیا کہ سکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی اور تمام اہل کاروں کو ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی فرائض سرانجام دینے ہوں گے ، کسی بھی گداگر کو ریلوے پلیٹ فارم پر جانے نہ دیا جائے ، ریلوے اسٹیشن کے داخل اور باہر نکلنے والے راستوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے ، ڈراپ لائن اور مسافروں کو لینے آنے والے افراد مقررہ کردہ لائنوں میں رہیں ، مشکوک حرکات کرنے والے افراد اور سامان کی بروقت اطلاع ڈیوٹی پر موجود پولیس اہل کاروں کو دی جائے ۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں