کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی 2,892ہو گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 278 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 اپریل 2020 17:44

کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی 2,892ہو گئی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 اپریل 2020ء ) کویت میں مزید 278 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، جن میں متعدد پاکستانی بھی شامل ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق نئے مریضوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد مملکت میں اس موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی گنتی 2,892ًًًًًً تک جا پہنچی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے بتایا کہ کورونا کے تازہ متاثرین میں بھارتی، بنگالی،کویتی اور پاکستانی باشندے بھی شامل ہیں۔

252 مریض مقامی طور پر کورونا متاثرین سے میل جول رکھنے کے باعث اس موذی مرض کا شکار ہوئے۔ جبکہ 13 افراد بیرون ملک سے واپسی پر کورونا سے متاثر پا ئے گئے۔ اس کے علاوہ باقی کے 13مریضوں کے بارے میں ابھی تک پتا نہیں چل سکا کہ وہ کس طرح اس وائرس کا شکار ہوئے ۔ اس وقت ’کورونا کے درجنوں مریض آئی سی یو میں ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

(جاری ہے)

مملکت میں گزشتہ روز 43کورونا مریض صحت یاب ہو گئے، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی گنتی 656 ہو گئی ہے، ان شفایاب مریضوں کو مزید دو روز طبی نگرانی میں رکھنے کے بعد واپس گھر بھجوا دیا جائے گا۔

سینکڑوں مشتبہ مریضوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں قرنطینہ سے جنرل وارڈ منتقل کر دیا گیاہے۔مملکت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔ جن میں سے ایک کویتی خاتون کے علاوہ تین مصری، تین بھارتی اور تین بنگلہ دیشی شامل ہیں۔ کویتی حکومت نے کورونا پر قابو پانے کے سلسلے میں کڑے انتظامات کر رکھے ہیں۔ مملکت میں 11 گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے اور عوامی و تفریحی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے۔

تمام ریستوران، کیفے، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز اور بازار کے علاوہ کلب ، سینما اور سیلونز بھی بند ہیں۔ دو علاقوں جلیب الشیوخ اور مہبولہ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جہاں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔وزارت صحت کی جانب سے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ خود کو گھروں تک ہی محدود رکھیں، تاکہ کورونا کے وار سے ممکنہ حد تک محفوظ رہ سکیں۔ڈاکٹر باسل الصباح نے کرونا وائرس کے صحت یاب ہونے والے مریض سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا خون عطیہ کریں تاکہ ڈاکٹر ان کے پلازما کو دوسرے متاثرہ مریضوں کے علاج میں استعمال کرسکیں۔واضح رہے کہ کویت میں کورونا وائرس کا پہلا مریض 24 فروری کو سامنے آیا تھا۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں