کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا، صدر فیصل آباد چیمبر

جمعرات 4 اگست 2022 22:01

کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا، صدر فیصل آباد چیمبر
جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2022ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے یو این او کی قرارداداور کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا لیکن ان اقدامات کے تحت ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور انہیں حق خود ارادیت کی فراہمی تک پوری بزنس کمیونٹی ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی جبکہ اس ضمن میں کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جا ئے گا۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ تمام دنیا جانتی ہے کہ5 اگست 2019 کو بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ ایک اور ظلم روا رکھتے ہوئے نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادبلکہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کوبھی ختم کیا گیاجس پر پاکستان نے اپنی زبردست تشویش کا اظہار کیا مگر باقی عالم اقوام نے انتہائی بے حسی کا ثبوت دیتے ہوئے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی پر چپ سادھے رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی بھی پاکستان کی حکومت سمیت پوری دنیا میں کشمیریوں سے محبت کرنیوالے اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ یونائیٹڈ نیشن کی قرارداد کے مطابق کشمیر کی حیثیت جو پہلے بھی متنازعہ تھی اور اب بھی ہے اس کا پرامن حل تلاش کیا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کشمیریوں اور ان کے بزرگوں کی قربانیوں کو رائیگاں کرنے کے مترادف ہے جو کئی سالوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔

عاطف منیر شیخ نے کہا کہ انڈین آرمی وہاں مظلوموں پر سفاکانہ مظالم ڈھا رہی ہے اورمقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے جو کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی نیزجب تک مسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی منشا کے بغیر حل کرنے کی کوشش کی جاتی رہے گی یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا کیونکہ شہ رگ پاکستان کشمیر پہلے بھی کشمیریوں کا تھا اور آج بھی کشمیریوں کا ہے اور ان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جس ملک کے ساتھ چاہیں ان کے ساتھ رہیں جبکہ وہ ایک آزاد حیثیت سے بھی رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا نے پہلے بھی مظالم ڈھائے تھے اوراب بھی ڈھا رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت اور جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ صدر فیصل آباد چیمبر نے کہا کہ ہم دنیا کی انسانی حقوق کی تنظیموں سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو فی الفور بحال کیا جائے اور کشمیر میں بچوں وخواتین پرجو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں انہیں فوری بند کرواکر کشمیریوں کو آزادانہ طور پر رہنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کی ہر طرح سے حمایت کرتا رہے گا کیونکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں