جڑانوالہ، شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے حملہ میں شہید ہونیوالے فوجی جوان کو پورے اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا

ہفتہ 8 جون 2019 15:00

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2019ء) شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے حملہ میں شہید ہونے والے فوجی جوان کو پورے اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں 238گ ب پٹھان چک کے رہائشی پاک آرمی کے جوان محسن شہید جو شمالی وزیر ستان میں دوران ڈیوٹی وطن دشمنوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے تھے کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا ہے۔

شہید محسن منظور کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے کرنل مبشر عباسی ، میجر تصور کے علاوہ فوجی جوانوں ، مقامی ایم این اے نواب شیر وسیر ، پی ٹی آئی کے تحصیل صدر ملک ظفر اقبال کھو کھر ایس ایچ او سٹی میاں عابد حسین سمیت عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

شہید محسن منظور کے جنازہ پر پورے راستہ گُل پاشی کی جاتی رہی ۔ شہید کے والد منظور حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن شہید کو بچپن سے ہی پاک فوج میں جانے کا شوق تھا اور وہ فٹ بال کا بہت اچھا کھلاڑی بھی تھا اسی بنا پر وہ پاک فوج میں تین سال قبل بھرتی ہو ا تھا ۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ پاکستان کے دفاع میں میرا خون بھی شامل ہو گیا ہے جبکہ محسن شہید کی والدہ نے بتایا کہ وہ اُسکی شادی عیدالضحیٰ کی چھٹیوں میں کرنا چاہتی تھیں مگر اللہ نے اُس کے نصیب میں شہاد ت لکھ دی تھی جو اسے مل گئی ۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں