جڑانوالہ شہر میں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے 2کرڑو کے فنڈز جاری

جمعہ 10 جولائی 2020 23:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2020ء) جڑانوالہ شہر میں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے ڈویژنل کمشنر عشرت علی کی کاوشوں سے 2کرڑو کے فنڈز جاری ہوگئے ہیں جس سے گندے نالوں کی تعمیر شروع جبکہ مون سون سیزن کے دوران ممکنہ بارشوں کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ایک ہفتے کے اندر شہر بھر میں جاری صفائی اورڈی سلٹنگ مہم مکمل کر لی جائے گی۔

یہ بات اسسٹنٹ کمشنر زین العابدین، اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ ڈاکٹر زنیرہ آفتاب نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عارف وڑائچ، ایکسین فہیم شہزاد، سینڑی انسپکٹر خادم حسین کے ساتھ جاری ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر عملہ میونسپل کمیٹی، ٹھکیداروں کو ہدایت بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایاکہ جڑانوالہ شہر کا ڈسپوزل سینٹر مکمل استعداد کے ساتھ آپریشنل ہے اور ان علاقوں میں اب سیوریج سے متعلقہ مسائل در پیش نہیں آئیں گے جبکہ مختلف حلقوں میں میونسپل کمیٹی کی سیوریج لائنوں کی ترقیاتی سکیموں کو بھی تیزرفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کوپینے کے پانی اور نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور جڑانوالہ شہر میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے پیش نظر صفائی مہم کے دوران کھالوں، سیم نالہ کی ڈرینج مشینوں کے ساتھ صفائی، بارش کا پانی نکاسی کا کام جاری ہے۔علاوہ ازیں حالیہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر صفائی ستھرائی کے کام میں تیزی لائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عملہ صفائی کو 24گھنٹے ہنگائی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ سخت مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔کمشنر نے نکاسی آب کے منصوبے کے لئے ہدایت کی ہے کہ ریلوے پھاٹک کراسنگ کے لیے مزید فنڈز جاری ہوچکے ہیں تاکہ پانی سیم نالہ تک بغیر روکاٹ جاری رہے۔دریں اثناء عوامی حلقوں نے سیوریج منصوبے کے لئے فنڈز کی فراہمی پر کمشنر فیصل آباد عشرت علی کا شکریہ ادا کیاہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں