فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی یوم استحصال کشمیر بارے اظہار یکجہتی ریلی

جمعہ 5 اگست 2022 22:42

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2022ء) فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں جموں و کشمیر کی آزاد و متنازعہ حیثیت ختم کرکے کشمیر کے بھارتی محاصرے اور فوجی تسلط کی3سال مکمل ہونے کے خلاف جمعہ کو یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے کی جبکہ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

ریلی کے شرکانے بڑی تعداد میں بینرز، فلیکس اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے کہاکہ '' یوم استحصال کشمیر''منانے کا مقصد مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو عالمی سطح پرمزید اجاگر کرنا اور مظلوم کشمیری عوام کو پیغام دینا ہے کہ وہ جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائیگی تاکہ وہ بھارتی ظلم و استبدادسے جلد نجات حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اوربلند حوصلے کو سلام پیش کرتی ہے اوراقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنی قرار داد وں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ریلی کے ۱ٓخر میں کشمیر کی آزادی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں