حضرت امام حسینؓ نے جن درسگاہوں سے تربیت حاصل کی میدان کربلا میں ان کا حق ادا کردیا، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

پیر 8 اگست 2022 21:48

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2022ء) مرکزی علما کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ حضرت سیدنا حسینؓ ابن علیؓ اہل بیت رسولؐ ہونے کے ساتھ ساتھ صحابی رسولؐ تھے جن کا ادب و احترام اور ان سے محبت و عقیدت رکھنا ہم سب پر واجب ہے جبکہ حضرت حسینؓ اُمت مسلمہ کے محبوب ہیں اور صحابہؓ و اہل بیتؓ کا راستہ اُمت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے جن کے نقش قدم پر چلنے کو اہل ایمان سعادت سمجھتے ہیں نیز حضرت حسینؓ ابن علیؓ نے جن درسگاہوں سے تربیت حاصل کی تھی میدان کربلا میں ان کا حق ادا کردیا۔

وہ انجمن مدنیہ حنفیہ کارخانہ بازار فیصل آباد کے زیر اہتمام 59ویں سالانہ شہادت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرمولانا اللہ وسایا رہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، مفتی محمد طیب مدیر جامعہ امدادیہ، قاری محمد الیاس مدیر جامعہ مدینة العلم، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شاہ نواز فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر احمد عثمانی، وائس چیئرمین صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی و دیگر علما و مشائخ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اہلیان پاکستان اور فرزندان اسلام کا فرض ہے کہ وہ آج 10 محرم کویوم عاشور کے موقع پر ہر صورت مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اورسوشل میڈیا پر ہر قسم کی منفی سرگرمی سے دور رہا جائے بالخصوص قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور حکومت کے ساتھ قیام امن کیلئے غیر مشروط تعاون کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنیو الے عناصر کی مذمت کرتے ہیں۔

اس موقع پر افواج پاکستان کے ترجمان آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری کردہ بیان پراطمینان کا اظہار کیا گیا کہ حالیہ دنوں میں افغانستان میں ڈرون حملوں کیلئے پاکستانی سر زمین استعمال نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اداروں کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں اور ملک کے مقتدر اداروں کا احترام اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ہر قسم کی منفی افواہ سازی پھیلانے سے اجتناب کیا جائے۔شہادت کانفرنس میں شہدائے لسبیلہ کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعابھی کی گئی۔شہادت کانفرنس میں معروف قراء حضرات،علماء دین اور فیصل آباد کی عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں