پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو 1ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کو فروغ دیا جائے گاازبکستان سفیر ایبک عارف عثمانوف

بدھ 22 مارچ 2023 21:54

پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو 1ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کو فروغ دیا جائے گاازبکستان سفیر ایبک عارف عثمانوف
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2023ء) ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو 1ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کو فروغ دیا جائے گا اور اس سلسلہ میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفد کو ازبکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ ازبکستان کے درآمدی اور برآمدی پوٹینشل کو دیکھ سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے حالیہ سیلاب سے کپاس کی فصل کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ازبکستان پاکستان کو اُس کی ضروریات کے مطابق کپاس مہیا کر سکتا ہے۔

انہوں نے ازبکستان اور دیگر وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی کیلئے افغانستان میں امن وامان کیلئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر خرم طارق نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کے باوجود تجارتی حجم بہت کم ہے جس کو بڑھانے کیلئے حال میں ہی معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس معاہدہ کے تحت اشیاء کی تجارت کے علاوہ سروسز کا تبادلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، بینکنگ ، صنعتکاری، توانائی ، ٹیکسٹائل اور زراعت سمیت کئی شعبوں میں تعاون کے امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے برآمد کنندگان ازبکستان کو ہوم میڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کے علاوہ زرعی مشینری بھی برآمد کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے ازبکستان کے سفیر کو باضابطہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ اس سے انہیں فیصل آباد کے برآمدی پوٹینشل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں