مناسب ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے گرین انرجی اور کلین ڈویلپمنٹ کے اہداف پورے کرنے پر توجہ دینا ہو گی ڈاکٹر اقرار احمد خان

جمعہ 24 مارچ 2023 23:08

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2023ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے انسانی زندگی کو نئے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے جن سے نمٹنے کے لیے ہمیں مناسب ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعیگرین انرجی اور کلین ڈویلپمنٹ کے اہداف پورے کرنے پر توجہ دینا ہو گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بائیوچار اور نامیاتی کھادوں کے مشترکہ استعمال سے زمین کی ذرخیزی اور پیداواریت میں اضافہ یقینی بنایا جاسکتاہے۔

انہوں نے نئے چیلنجز کے حوالے سے کہا کہ ملک کی 60فیصد آبادی فوڈ سکیورٹی کے جملہ مسائل کی وجہ سے بھوک کا شکارہے اور ایک زرعی ملک کی حیثیت سے پاکستان کو بائیوچار کی ایک بڑی مقدار دستیاب ہے جسے زمین کی ذرخیزی میں اضافہ اور دیگر ضرورتوں کے لیے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہرچند بائیو چار گزشتہ نصف دہائی سے معروف ہونے والی ٹیکنالوجی ہے تاہم اس کیلئے خام مال کی ارزاں دستیابی یقینی بنانا ہوگی کیونکہ پرائیویٹ انڈسٹری چاول، مکئی اور دوسری زرعی اجناس کی باقیات کو بائیوچار کی بجائے دیگر استعمال کیلئے ترجیح دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کم آبادی کے حامل ممالک کے مقابلے میں پاکستان22کروڑسے زائد آبادی کے ساتھ بڑا عالمی ملک ہے جسے عوام کیلئے غذائی استحکام کے اہداف ترجیحی طور پر پورے کرنا ہیں تاہم بائیوچار اور نامیاتی کھادوں کا مشترکہ استعمال زمین کی ذرخیزی اور پیداواریت میں اضافہ کیلئے استعمال کرنا زیادہ موزوں ہوگا۔ انہوں نے جنگلات کی بے مہابا کٹائی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی موثر روک تھام کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے انسانی زندگی کو نئے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے جن کی وجہ سے گلیشیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جوزرعی ترقی کو کئی حوالوں سے متاثرکریں گے۔انہوں نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دن رات کے درجہ حرارت میں خاصا فرق پیدا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سردیوں کا موسم کم اور گرمیوں کا دورانیہ بڑھ رہا ہے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں