wوفاقی حکومت مفت آٹے پر 60ارب کی سبسڈی دے رہی ہے،طلال چوہدری

×رمضان کے مہینے میں10 کروڑ افراد مستفید ہوں گے ،تاریخ میں پہلی بار حکومت نے غریب عوام کیلئے یہ اقدام اٹھایا،رہنما ن لیگ

اتوار 26 مارچ 2023 18:50

K جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2023ء) سابق وزیر مملکت و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)محمد طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت غرباء کو مفت آٹے کی فراہمی پر 60ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ رمضان کے مبارک مہینے میں 10کروڑ افراد اس سے مستفید ہوسکیں۔یہ بات انہوں نے سپور ٹس کمپلیکس جڑانوالہ میں فلور ڈسٹری بیوشن سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی حکومت نے رمضان کے مبارک مہینہ میں لوگوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غرباء کو مفت آٹے کی فراہمی تسلسل سے جاری ہے کیونکہ پنجاب کی نگران حکومت نے اس سلسلہ میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے زبردست اقدامات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں مقامی انتظامیہ کا کردار بھی قابل ستائش ہے جن کے سبب لوگوں میں مفت آٹے کی ترسیل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ چند مقامات پر بدنظمی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم حکومت نے ان شکایات کی ازالہ کیلئے فوری اقدامات کرتے ہوئے ایک مانیٹرنگ ٹیم تعینات کردی ہے تاکہ آٹا کے حصول کیلئے آنے والے افراد کی مشکلات کو موقع پر ہی حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹاوزیر اعظم شہباز شریف کا خالصتاً عوام دوست اقدام ہے مگر چند لوگ اسے سیاست کی نذر کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کرسکے۔

انہوں نے جڑانوالہ سپورٹس کمپلیکس میں مفت آٹا کی فراہمی کے پراسیس کا معائنہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو روڈالہ منڈی، بچیانہ منڈی، ستیانہ، اواگت، لنڈیانوالہ اور دیگر مقامات پر بھی ڈسٹری بیوشن پوائنٹ بنانے کی ہدایت کی تاکہ لوگ آٹا کے حصول کیلئے لمبی قطاروں کی کلفت سے بچ سکیں۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں