پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے باسط سلطان بخاری کیخلاف شہری میدان میں آگئے

لوٹے اٹھائے شہریوں کا باسط سلطان بخاری سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ‘ شہریوں کی طرف سے منحرف ایم این اے کے ڈیرے کے سامنے شدید نعرہ بازی کی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 مارچ 2022 12:12

پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے باسط سلطان بخاری کیخلاف شہری میدان میں آگئے
جتوئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20 مارچ 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ایم این اے باسط سلطان بخاری کے خلاف شہری میدان میں آگئے ۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی طرف سے باسط سلطان بخاری کے ڈیرے کے سامنے شدید نعرہ بازی کی گئی ، لوٹے اٹھائے شہریوں کاباسط سلطان بخاری سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ باسط سلطان بخاری نے صوبہ محاذ پر ووٹ لیے اور 90 دن میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا ۔

 
 
اس سے پہلے فیصل آباد میں تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں عوام نے ان کی تصویریں اور پوسٹر نذر آتش کیے ، پی ٹی آئی کے منحرف رہنما راجہ ریاض کے خلاف ان کے انتخابی حلقے میں ’ووٹ فروش‘ اور ’تم کتنی پارٹیاں بدلوگے‘ کے نعروں والے پوسٹر بھی لگ گئے جب کہ ضلع کونسل چوک پر مظاہرین نے راجہ ریاض کی تصاویر اور پوسٹروں کو نذر آتش کیا اور راجہ ریاض کے خلاف نعرے بھی لگائے ، اسی طرح ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے اطراف میں بھی پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں ، جن میں ’پی ٹی آئی کے ووٹوں سے جیتنے والے استعفیٰ دو‘ کے مطالبہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

 
 
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ سعد رفیق کو پی ٹی آئی کے منحرف اراکین قومی ہیرو لگنے لگے ، سابق وزیر ریلوے کہتے ہیں کہ منحوس تبدیلی سے نجات کے لیے ضمیر کی آواز پر لبیک کہنے والے پی ٹی آئی اراکین قومی ہیرو ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مصنوعی اکثریت کھوچُکی ہے ، متحدہ اپوزیشن کا فیصلہ ہے کہ ریاستی طاقت استعمال کی گىئی تو ایسا کرنے والے اہلکار قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے ، حکومتی بدمعاشی کا سامنا کرنے کے لیے سب تیار ہیں ۔

 
مسلم لیگ ن کے رہنماء نے پی ٹی آئی کو مافیا گینگ اور وزیراعطم عمران خان کو ان کا چیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جبری بھرتی کے تحت لوگ توڑے گئے ، حکومت چھوڑ کر اپوزیشن کے ساتھ آنے والے ضمیر کے قیدی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں ، پی ٹی آئی کے 10 اراکین اسمبلی نے جھوٹ اور ماراماری کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ، ابھی اور آوازیں اٹھیں گی کس کس کو روکو گے۔ 

جتوئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں