رمضان المبارک کی آمد سے قبل ذیل گھر کی خالی جگہ پر ماڈل بازار قائم کر کے وہاں سستے رمضان بازار کے انعقاد کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں ‘ مختلف صنعتی ، کاروباری ، تجارتی تنظیموں کی وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر ارباب اختیار سے اپیل

ہفتہ 25 اپریل 2015 16:58

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء ) جھنگ کی مختلف صنعتی ، کاروباری ، تجارتی تنظیموں نے شہر کے وسط میں واقع اربوں روپے مالیت کی ذیل گھر نامی خالی جگہ پر رمضان المبارک کی آمد سے قبل ماڈل بازار قائم کر کے وہاں سستے رمضان بازار کے انعقاد کیلئے فوری اقدامات یقینی بنانے کی اپیل کی ہے تاکہ مذکورہ جگہ کو مصرف میں لاتے ہوئے وہاں نہ صرف مستقل بنیادوں پر ماڈل بازار قائم کیاجاسکے بلکہ ہرسال تحصیل روڈ جیسی اہم ترین شاہراہ کو بند کرکے مصروف ترین سڑک پر سستا رمضان بازار لگانے سے عوام الناس کو درپیش مشکلات کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے۔

انجمن تاجران ، ایوان صنعت وتجارت، ٹریڈرز بورڈ اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ سابق ضلع ناظم جھنگ صاحبزادہ سلطان حمید کے دور میں اس وقت کے قائمقام ضلع نائب ناظم شیخ محمد فاروق ایڈووکیٹ مرحوم نے شہر کے وسط میں فوارہ چوک شہیدروڈ جھنگ صدر پر واقع اربوں روپے مالیت کی ذیل گھر جھنگ کی کمرشل جگہ پر ملٹی پرپز پلازہ بنانے کی تجویز پیش کی تھی تاکہ شہر میں بڑھتی ہوئی ناجائز تجاوزات ، ریڑھیوں ، چھابڑیوں ، پھٹوں ، عارضی دوکانات کے مالکان کو یہاں چھوٹی دوکانیں بنا کر الاٹ کرنے کا عمل مکمل کیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس اقدام کا مقصد شہر کو بے ہنگم کاروباری سرگرمیوں سے نجات دلاتے ہوئے ڈسپلن میں لانا تھامگر شومئی قسمت کہ ان کی یہ تجویز پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکی ۔انہوں نے بتایاکہ سابقہ ڈی سی او کے دور میں حکومت پنجاب نے ٹوبہ ، چنیوٹ ، فیصل آباد سمیت تمام اضلاع میں ماڈل بازار قائم کرنے کے احکامات جاری کئے جس کے تحت ان اضلاع میں ماڈل بازار قائم کردیئے گئے مگر بد قسمتی سے محکمہ مال جھنگ کے نااہل حکام کی جانب سے حکومت پنجاب کو یہ رپورٹ پیش کی گئی کہ جھنگ میں ماڈل بازار کے قیام کیلئے کوئی جگہ دستیاب نہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ذیل گھرکو مسمار کرنے کاعمل شروع کردیاگیاہے جبکہ اس کے ساتھ منسلک ہلال احمر کاپلاٹ بھی کئی سالوں سے گندگی وملبے کاڈھیر بناہواہے جسے کسی مصرف میں نہیں لایاجا رہا۔ انہوں نے کہاکہ ذیل گھر کی سرکاری اراضی اور اس سے منسلک ہلال احمر پلاٹ کوتوالی روڈ کو ملاکر ماڈل بازار قائم کردیا جائے تو نہ صرف ا س ماڈل بازار میں سینکڑوں سٹالز لگ سکیں گے بلکہ شہر میں بڑھتی ناجائز تجاوزات ، ریڑھیوں ، چھابڑیوں ، پھٹوں ،عارضی دوکانوں سے نجات کے ساتھ ساتھ ضلعی حکومت جھنگ کو کرایوں کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی آمدنی بھی ہو سکے گی۔

انہوں نے بتایاکہ ذیل گھر کے اندر بعض خستہ حال کمرے معمولی کرائے پر شہید روڈکے کریانہ سٹور مالکان کو دیئے گئے ہیں جن کے عقبی حصہ میں پریس مارکیٹ واقع ہے ۔انہوں نے کہاکہ قبل ازیں ذیل گھر کے دو راستے مذکورہ پریس مار کیٹ میں کھلتے تھے مگر بعد ازاں بعض سٹور کرایہ داران نے ناجائز تجاوز کرتے ہوئے کمرے تعمیر کرکے یہ راستے بند کردیئے ۔ انہوں نے بتایاکہ ذیل گھر سے متصل ہلال احمر کاپلاٹ بھی طویل عرصہ سے بلامصرف پڑاہے جو ذیل گھر کو کوتوالی روڈ سے ملانے کااہم ترین ذریعہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف ، چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر فیصل آباد، ڈی سی او جھنگ سے صورتحال کافوری نوٹس لینے سمیت ذیل گھر فوارہ چوک شہیدروڈ جھنگ صدر کی جگہ پر ماڈل بازار قائم کرنے اور اس کے راستے پریس مارکیٹ اور ہلال احمر پلاٹ کی جانب سے کوتوالی روڈ پر کھولنے کامطالبہ کیاہے تاکہ شہر میں کاروباری سرگرمیاں فروغ پاسکیں اور بے تحاشہ ناجائز تجاوزات کابھی خاتمہ ممکن ہو سکے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں