جھنگ‘صارفین کا مقامی نجی بینک کے عملہ کے ناروا و ہتک آمیز رویہ پر شدید احتجاج

بدھ 3 جون 2015 12:35

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) :الائیڈ بینک لمیٹڈ نواز چوک سول لائن جھنگ صدر کا بد اخلاق ، بدزبان عملہ صارفین کیلئے وبال جان بن گیا ہے جبکہ بینک آنیوالے صارفین کے ساتھ کیشئر اور دیگر حکام کاناروا و ہتک آمیز رویہ بھی معمول بنتاجارہاہے جس کے باعث صارفین نے الائیڈ بینک کی بجائے دیگر بینکوں سے رجوع کرنا شروع کردیاہے اس طرح ماہانہ بھاری تنخواہیں لینے کے باوجود بداخلاقی کرنے والا عملہ خودالائیڈ بینک کو ناکام کرنے کے درپے بن چکاہے جس پر صارفین نے نااہل اور کمزور انتظامی گرفت کے حامل بینک منیجر ، کیشئر سمیت دیگر عملہ کوفوری معطل وضلع جھنگ سے باہر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

الائیڈ بینک لمیٹڈ نواز چوک برانچ کے بعض صارفین نے بتایاکہ اکثر اوقات بینک کے کیشئر سمیت دیگر عملہ فضولیات اور گپیں ہانکنے میں مصروف ہوتاہے جس کے باعث سرکاری واجبات جمع کروانے اور اپنی رقوم نکلوانے کیلئے آنیوالے صارفین کو شدید زحمت اٹھانا پڑتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بینک کا کیشئر اکثر صارفین کو بڑی رقومات نکلوانے پر سو سو روپے مالیت کے نوٹوں کی کئی کئی گڈیاں تھما دیتاہے اور جب اس سے مجبوری کا اظہار کرتے ہوئے گزارش کی جائے کہ انہیں چھوٹے نوٹوں کی بجائے بڑاکیش دے دیا جائے تووہ بد تمیزی اور ہتک آمیز رویہ پر اتر آتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسی طرح ریزگاری کا بہانہ بناتے ہوئے اکثر اوقات صارفین سے کئی کئی روپے کی رقم منہا کرلی جاتی ہے اس طرح روزانہ غیر قانونی و غیر اخلاقی طور پرمبینہ طریقے سے سینکڑوں روپے اضافی وصول کرلئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ جب اس ضمن میں برانچ منیجر سے رابطہ کیا جاتاہے تو وہ بھی صارفین کی اشک سوئی کی بجائے الٹا اپنے عملہ کی حمایت کرتے نظر آتے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ بینک کے چیئر مین محمد نعیم مختار کی جانب سے جاری کردہ پیغامات میں عملہ کو صارفین سے انتہائی خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے مگر اس کے برعکس الائیڈ بینک جھنگ کے حکام کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیگر بینک صارفین کو اپنا گرویدہ بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچارہے ہیں مگر اس کے برعکس الائیڈ بینک کا بھاری تنخواہیں وصول کرنے والا عملہ بینک آنیوالے صارفین کو ونگار سمجھ کر ٹرخانے کے چکروں میں رہتاہے جس سے صارفین کا الائیڈ بینک پر اعتماد اٹھتا جارہاہے اور اس کے صارفین کی تعداد میں بھی کوئی خاطرخواہ اضافہ نہ دیکھنے میں آرہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایک طرف نئے نئے بینک دن دوگنی رات چوگنی ترقی کررہے ہیں مگر اس کے برعکس یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے بھاری تنخواہیں وصول کرنے والا الائیڈ بینک نواز چوک برانچ جھنگ کاعملہ خود اس برانچ کو ناکام بنانے کے درپے ہے۔ صارفین نے مزید بتایاکہ ایسے سرکاری ملازمین جو اپنی تنخواہیں الائیڈ بینک سے نکلواتے ہیں انہیں بھی مختلف طریقوں سے ذلیل و خوار اور پریشان کرنے کاسلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے الائیڈ بینک لمیٹڈ پاکستان کے چیئر مین محمد نعیم مختار ، پراونشل چیف پنجاب ، ریجنل چیف فیصل آباد اور زونل چیف جھنگ سمیت بینک کے دیگر ارباب اختیار سے صورتحال کافوری سختی سے نوٹس لینے اور الائیڈ بینک نواز چوک سول لائن جھنگ برانچ کا تمام عملہ فوری تبدیل کرنے کامطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں