محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ساہیوال گائے میلہ کا انعقاد

جمعرات 6 اپریل 2017 16:53

جھنگ/ فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2017ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام جمعرات کے روز عظیم الشان ساہیوال گائے میلہ کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب آصف سعید منہیس اور سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق تھے نیز تقریب میں مختلف ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، چیئر مین ضلع کونسل ، چیئر مین میونسپل کمیٹی جھنگ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر صوبائی وزیر آصف سعید منہیس کی جانب سے مویشی پال خانہ بدوش فارمرز میں 10ساہیوال نسل کے سانڈ بیلوں کی بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم سمیت ریڈ گولڈ کلب کی ممبر بننے والی گایئوں کے مالکان میں 4لاکھ روپے کے حساب سے اعزازیہ بھی تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

پر وقار تقریب کے موقع پر ساہیوال گائے ریسرچ سنٹر جھنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد فاروق صابری نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے تحت اور صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ آصف سعید منہیس و سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کی ہدایات کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے اپنی اعلیٰ اقدار اور سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تحقیقات مرکز برائے تحفظ ساہیوال گائے جھنگ میں مذکورہ ساہیوال گائے میلہ کا انعقاد کیا ہے جس میں ساہیوال گائے کے مقابلہ خوبصورتی میں کامیاب جانوروں کے مالکان میں نقد انعامات ، ٹرافیاں اور اسناد بھی تقسیم کی گئی ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ پیداواری اور مدافعاتی خصوصیات کی بناء پر بین الاقوامی اہمیت کی حامل ساہیوال کی گائے کے تحفظ و ترقی کیلئے محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب نے 2004ء میں تحقیقی مرکز برائے تحفظ ساہیوال گائے جھنگ فیز ون کا اجراء کیا بعد ازاں 2008ء میں ادارہ کے فیز ٹو کا اجراء ہوا جو کہ کامیابی سے ترقیاتی مراحل سے گزرتا ہوا ایک مستقل ادارے کی حیثیت حاصل کر چکا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ یہ ادارہ اپنے قیام سے ساہیوال نسل کی ترقی و ترویج میں ہمہ وقت کوشاں ہے جبکہ مختلف منصوبہ جات کے تحت ساہیوال گائے پال بریڈرز کو خصوصی مراعات سے نوازا جا رہا ہے جس میں مفت مصنوعی نسل کشی ،حفاظتی ٹیکہ جات ،ہر طرح کی ادویات،اعلیٰ نسل کے سانڈ ، بچھڑوں کی فروخت و ترسیل ، اعلیٰ اوصاف کے حامل سانڈھ بچھڑوں کی پر کشش قیمت پر خرید دودھ اور خوبصورتی کے مقابلوں میں جیتنے والوں کیلئے پر کشش انعامات اور ریڈ گولڈ کلب کے ذریعے 18لیٹر سے اوپر دودھ دینے والی گائیوں کے مالکان میں اعزازیہ کی تقسیم شامل ہے۔

انہوںنے بتایا کہ پنجاب کے 22اضلاع میں پھیلے ہوئے ساہیوال گائے بریڈرز نہ صرف ادارہ کی خدمات سے مطمئن ہیں بلکہ ادارہ کے تحت منعقد ہونے والے پروگرامز میں بھر پور دلچسپی سے شریک ہوتے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ ادارہ تحقیقاتی مرکز برائے تحفظ ساہیوال گائے کے تکنیکی ماہرین کی کاوشوں کے باعث ساہیوال گائے میں خاطر خواہ جنیاتی بہتری آئی ہے جس کی بدولت گائے کے دودھ کی پیداوار اور اعلیٰ نسلی خواص میں مزید بہتری ہوتی ہے۔

انہوںنے بتایا کہ ساہیوال نسل کی گائے پالنے کے شوقین حضرات کو مختلف اقسام کی معلومات و رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے جس کیلئے وہ ادارہ ہذا کے ڈائریکٹر محمد خالد فاروق سے فون نمبر 047-9200329 اور ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن لائیو سٹاک کو پر روڈ کے فون نمبر 042-99201120 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔اس موقع پر مہمانان خصوصی نے لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور دودھ و گوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے مویشی پال حضرات کو اپنی تمام ممکن معاونت کا بھی یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں