حکومت پنجاب زراعت کے شعبہ کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دے رہی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

ہفتہ 1 جولائی 2017 00:40

جھنگ۔30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب زراعت کے شعبہ کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دے رہی ہے لہٰذا کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔وہ آج ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر کمیٹی روم میں محکمہ زراعت کی جانب سے منعقدہ ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں محکمہ زراعت ، محکمہ انہار،لائیو سٹاک، فیسکو، واٹر مینجمنٹ ،سیڈ کارپوریشن بنکوں کے افسران ، کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ کسانوں اور کاشتکاروں کے نمائندوںنے شرکت کی۔

اجلاس میں فصل ربیع و خریف کے کاشت کے ٹارگٹ کا جائزہ، بیجوں اور کھاد کی فراہمی میں درپیش مسائل،گنے کے کاشتکاروں کی واجب الادا رقوم،نہری پانی کی فراہمی ، زرعی قرضہ جات کے حصول میں مشکلات ،حیوانات کے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم، پانی کے کھالوں کو پختہ کرنے اور لوڈ شیڈنگ کے شیڈول،شجر کاری ،تجزیہ زمین و پانی کے علاوہ دیگر زراعت سے متعلقہ دیگر امور زیر بحث لائے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میںبتایا گیا کہ رجسٹرڈکسان/کاشتکاراور زمیندار حضرات اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے تجزیہ پانی و مٹی کی سیمپلنگ کے حوالہ سے مکمل رپورٹ حاصل کر سکتے ہیں۔اے ڈی سی ریونیو سجاد حسین نے گزشتہ سال کی سو فیصد کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ بھی کاشتکاروں اور کسانوں کی رہنمائی میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کی فراہمی بارے بھرپور آگاہی دیں۔

انہوںنے کہا کہ جعلی اور ملاوٹ شدہ کھاداور غیر ملکی یوریا کنٹرول ریٹ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والے کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائیگی ۔مزید برآں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیونے کسانوں کی رجسٹریشن اور کسان کارڈ کے اجراء ، لوڈشیڈنگ شیڈول ، حیوانات کیلئے جاری ویکسی نیشن،بنکوں سے قرضہ جات کی وصولی اور مختلف فصلات کی کاشت کے حوالہ سے درپیش مسائل ، بغیر لائسنس زرعی ادویات کی فروخت اور دیگر مسائل بارے فرداً فرداًمعلومات حاصل کیں اور موقع پر ترجیحی بنیادوں پر مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں