وزیراعظم نواز شریف نے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے 760 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

جمعہ 7 جولائی 2017 18:17

وزیراعظم نواز شریف نے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے 760 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا
حویلی بہادر شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2017ء) ۔ 07 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے جمعہ کو ضلع جھنگ میں حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے 760 میگاواٹ کے پہلے یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی، صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبہ کا افتتاح کیا اور اس موقع پر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ اس منصوبے کی مجموعی گنجائش 1230 میگاواٹ ہے اور اس سے ایل این جی کے ذریعے بجلی پیدا کی جا رہی ہے، یہ کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ ہے اور صرف 21 ماہ کی مختصر مدت میں اس کے پہلے یونٹ نے پیداوار شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سول ورک کی تکمیل، سویچ یارڈ، کولنگ ٹاورز، ایندھن ذخیرہ کرنے کے ٹینکس، گیس ٹربائن اور جنریٹر کی تنصیب کا کام نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ بلکہ عالمی سطح پر بھی ریکارڈ وقت پر مکمل کیا گیا ہے۔

چین کی کمپنی میسرز پاور کنسٹرکشن کارپوریشن اور پاکستان کی کمپنی قوی انجینئرنگ لمیٹڈ نے کامیابی کے ساتھ پہلے یونٹ کا کام مکمل کیا ہے۔ اس منصوبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اور ایل این جی پر اس کی ایفیشینسی 62.44 فیصد ہے۔ نیپرا کی طرف سے دیئے جانے والے اپ فرنٹ ٹیرف کا موازنہ کیا جائے تو اس منصوبے میں 57 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، منصوبے کیلئے ای پی سی کنٹریکٹ دیتے ہوئے پیپرا قوانین پر عمل کیا گیا اور بین الاقوامی مسابقتی بولی کے ذریعے خریداری کے شفاف نظام کو یقینی بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں فی میگاواٹ کم ترین ای پی سی لاگت آئی ہے۔

اس منصوبے کی پیداوار اور انتظامی لاگت کے لحاظ سے سالانہ 2 ارب روپے کی بچت ہو گی۔ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کی ٹربائنوں کی تنصیب بھی ریکارڈ مدت میں تیزی سے ہوئی ہے اور پہلی ٹربائن منصوبے کے مقام پر پہنچنے کے بعد 94 دنوں میں دوسری ٹربائن 74 دنوں میں نصب کی گئی، یہ ماحول دوست منصوبہ اور ملک کیلئے توانائی کے متوازن ذرائع کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کے عزم کی طرف ایک اور پیشرفت ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں