پیپلزپارٹی کا جھنڈا اب میں نے اٹھا لیا ہے

پورے پاکستان ، نوجوانوں سے مخاطب ہوں پریشان نہ ہوں، اعلان کرتاہوں اقتدار میں آیا تو سرکاری اداروں میں نوکریوں کے دروازے کھول دونگا، میاں صاحب اور خان صاحب میں اہلیت نہیں، دونوں صرف کرسی کی سیاست کر رہے ہیں: بلاول بھٹو کا جھنگ میں جلسے سے خطاب

muhammad ali محمد علی ہفتہ 26 اگست 2017 21:50

پیپلزپارٹی کا جھنڈا اب میں نے اٹھا لیا ہے
فتح جنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب اور خان صاحب میں اہلیت اور صلاحیت نہیں دونوں صرف کرسی کی سیاست کر رہے ہیں،یہ لوگ دائیں بازو کے سیاستدان ہیں، میاں صاحب کی ترقی دھوکہ ہے تو خان صاحب کی تبدیلی جھوٹ ہے، میاں صاحب آپ نااہل اور آپ کی حکومت ناکام ہے، جب عوام کو ضرورت پڑتی ہے تو خان صاحب پہاڑ پر چڑھ جاتے ہیں، خان صاحب کیا آپ نے مچھر سے بھی ڈرنا شروع کر دیا ہی پشاور میں ڈینگی ہے اور خان صاحب سکھر میں تقریریں کر رہے ہیں، میاں صاحب اور خان صاحب ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں،ملک میں 4 سال کوئی وزیر خارجہ نہیں بنایا گیا اور اب جو وزیر خارجہ بنایا ہے وہ جی ٹی روڈ پر پوچھ رہا ہے کہ میاں صاحب کو کیوں نکالا ،ملک اس وقت نازک صورتحا ل سے دو چار اورہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے لیکن یہ لوگ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں، ،عوام کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، ملک سے غربت کا خاتمہ کریں گے، حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا،آج پاکستان پر کوئی اعتماد نہیں کر رہا، کون اس کا ذمہ دار ہی ،ہم پر سرکاری نوکریاں دینے کا الزام لگایا جاتا ہے، عوام کی عدالت میں کھڑا ہو کر یہ جرم قبول کرتا ہوں، حکومت ملی تو یہ جرم دوبارہ کروں گا، پاکستان کو سوشل ڈیموکریٹک ملک بنانا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔جلسے سے سید خورشید ،یوسف رضا گیلانی ،راجہ پرویز اشرف ،سید نیئر بخاری،لطیف کھوسہ اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چنیوٹ کے بعد پنجاب میں یہ میرا دوسرا جلسہ ہے، پوٹھوہارکے لوگوں سے مخاطب ہو کر خوشی ہوئی، میرے جلسے ان لوگوں کیلئے پیغام ہیں جو کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ایک صوبے کی جماعت بن گئی ہے، پی ٹی پارٹی آج بھی عوام میں اسی طرح رچی بسی ہوئی ہے جس طرح شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور میں عوام میں رچی بسی ہوئی تھی، اس ملک کے غریبوں نے اور مائوں بہنوں نے ہمیشہ ہماری پارٹی کو سپورٹ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غربت کے خاتمے اور لوگوں کی فلاح کیلئے کام کیا ہے، نوجوان جانتے ہیں کہ ہم ان کے روزگار کا ہمیشہ انتظام کیا ہے، ہم نے ہمیشہ عورتوں اور اقلیتوں کے حقوق کیلئے کام کیا ہے، عوام جانتی ہے کہ ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دی گئی محترمہ بے نظیر سمیت ہزاروں کارکنوں کو شہید کردیا گیا مگر ہم نے وقار کی سیاست نہیں چھوڑی اور نہ ہی کبھی دہشت گردوں کے آگے جھکے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کل ملک مشکلات میں پڑوسی ممالک ہوں یا سمندر پار کے ممالک کہیں سے کوئی اچھی خبر نہیں آرہی ، امریکہ نے بھی ہمیں آنکھیں دکھانی اور دھمکیاں دینی شروع کردی ہیں ، ہمارا ملک خود دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور ہم دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں ، ہماری سیکیورٹی فورسز ، عوام اور سیاستدانوں کی شہادت کے باوجود ہم پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لگ ایسے رہا ہے کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہوچکا ہے ، اس کا کون ذمہ دار ہے ،(ن) لیگ کی کوئی خارجہ پالیسی ہی نہیں ہے جو ملک کا موقف دنیا کے سامنے رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جب وزیرخارجہ لگایا گیا تو وہ بیرون ممالک جانے اور پاکستان کیلئے لابنگ کرنے کی بجائے جی ٹی روڈ پر کھڑا ہو کر لوگوں سے پوچھ رہا ہے کہ میرے قائد کو کیوں نکالا گیا ،(ن) لیگ نے نیشنل ایکشن پلان کو دفن کردیا اس پر مکمل عمل نہیں کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے فوجی آپریشن کے ساتھ ساتھ شدت پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف بھی کام کرنا ہوتا ہے ،یہ نہیں کہ دہشت گرد جماعتیں نام بدل کر اور سیاسی جماعتیں بنا کر آزاد گھومنے لگ جائیں اور حکومت کی مدد سے پارلیمنٹ میں آکر بیٹھیں ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کے پی کے حکومت کی طرف سے صوبائی بجٹ سے دہشت گردوں کے مدرسے کو کروڑوں روپے دیے گئے ، دنیا اندھی نہیں سب دیکھ رہی ہے ۔آپ لوگوں کو دھوکہ دیتے ہو ، جھوٹ بولتے ہو مگر اب دنیا آپ کے دھوکے میں نہیں آئے گی ۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزررہا ہے ، ملک کو اندرونی وبیرونی چیلنجز کا سامنا ہے مگر یہ نااہل حکمران ان چیلنجز کو نہیں دیکھ رہے ، صرف آپس میں لڑ رہے ہیں اور الزامات کی سیاست کر رہے ہیں ،(ن) لیگ ہو یا پی ٹی آئی ان میں ملکی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے ، غریب ، مزدور ، کسان اور عوام ان کے ایجنڈے میں نہیں ، ان کے ایجنڈے میں صرف کرسی اور اپنے اقتدار کو بچانا ہے ، غریبوں کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں ہے ، گیس اور بجلی بھی نہیں ہے ، ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے ،ایکسپورٹ کم ہو رہی ہے اور امپورٹ بڑھتی جا رہی ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب کی ترقی کے دعوے جھوٹ ہیں ، آپ نااہل اور ناکام ہیں ، خان صاحب کیلئے بھی کیا کہوں تبدیلی کے سب دعوے جھوٹے ہیں ، میں خود کے پی کے کے حالات دیکھ کر آیا ہوں ، وہاں لوگ ڈینگی کا شکار ہیں اور خان صاحب ڈر کے امرے کبھی پہاڑ پر چڑھ جاتے ہیں تو کبھی سندھ چلے جاتے ہیں مگر کے پی کے کے لوگوں کا حال نہیں دیکھتے ہیں ، خان صاحب دہشت گردوں سے تو ڈرتے ہیں ان کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بھی ڈرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی خان صاحب اس پیر کو ساتھ ملا کر لانا چاہتے ہیں جو اقلیتوں سے نفرت کرتا ہے اور زبردستی کے نکاح پڑھواتا ہے ، دوسرا دادو کا سابق وزیراعلیٰ ہے جو کرپشن کی وجہ سے ہٹایا گیا ۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی ذہانت اور لیڈر شپ سے قیدی فوجی آزاد کروائے ، بھارت کے قبضے سے پاکستان کی زمین واپس لی اور پاکستان کے بڑے بڑے اداروں کی بنیاد رکھی ، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ۔

انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے جو لوگوں کی خدمت کرتی ہے اور ضرورت پڑنے پر اپنی جانوں کے نذرانے دیتی ہے ، ہم مساوات پر مبنی معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں ، کامیاب جلسے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں اور سردار سلیم حیدر کو ڈویژنل لیڈر مقرر کرتا ہوں وہ سب کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں