حکومت کے جنگی بنیادوں پر شروع کئے گئے بجلی کے منصوبوں نے ملک کو بد ترین اندھیروں سے نکال کر روشنیوں اور ترقی کی نئی شاہراہوں پر گامزن کر دیا

،کھربوں روپے کے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے پاکستان کی تاریخ میں شفافیت کی نئی مثال قائم کر دی، دوست وہ ہے جو برے وقت میں کام آئے کے مقولہ کے مصداق چین نے مشکل وقت میں ساتھ دے کر خود کو ہمیشہ کیلئے امر کر لیا، پاکستانی قوم اور آنے والی نسلیں چین کے بے لوث تعاون پر اس کی مشکور رہیں گی،سی پیک کا منصوبہ معاشی انقلاب لانے سمیت غربت کے خاتمہ ، بے روز گاری سے نجات اور فلاحی و خوشحال ریاست کا پیش خیمہ ثابت ہو گا،پی پی پی کے دور حکومت میں کرپشن اور لوٹ مار کی بد ترین مثالیں قائم کی گئیں، نندی پور منصوبہ پر ڈاکہ زنی سے یہ منصوبہ تین سال تک کراچی پورٹ پر پڑا رہا،21کروڑ عوام کو گواہ بنا کر قسم اٹھاتا ہوں کہ اگر کسی ایک منصوبہ میں بھی مجھ پر ایک روپے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو زندگی سمیت مرنے کے بعد قبر سے بھی نکال کر چوراہے میں لٹکا دیا جائے،پنجاب کی 56کی بجائے 56ہزار کمپنیوں کا آڈٹ و احتساب کر لیا جائے لیکن یکطرفہ احتساب کی بجائے سب کو ایک ہی یارڈ سٹک سے احتساب کے دائرے میں لانا ہو گا، زرداری سمیت عمران نیازی کے دائیں بائیں کھڑے لوگ بھی عوام کا خون نچوڑنے ، قرضے معاف کروانے ، کک بیکس اور ملکی سرمایہ لوٹ کر باہر منتقل کر نے والوں میں شامل ہیں جنہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا ہو گا،وقت آنے والا ہے جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گا،میڈیا بھی اپنا مثبت کردار ادا کرے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 9 دسمبر 2017 19:33

حکومت کے جنگی بنیادوں پر شروع کئے گئے بجلی کے منصوبوں نے ملک کو بد ترین اندھیروں سے نکال کر روشنیوں اور ترقی کی نئی شاہراہوں پر گامزن کر دیا
جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے جنگی بنیادوں پر شروع کئے گئے بجلی کے منصوبوں نے ملک کو بد ترین اندھیروں سے نکال کر روشنیوں اور ترقی کی نئی شاہراہوں پر گامزن کر دیا ہے اور کھربوں روپے کے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے پاکستان کی تاریخ میں شفافیت کی نئی مثال قائم کر دی جبکہ دوست وہ ہے جو برے وقت میں کام آئے کے مقولہ کے مصداق چین نے مشکل وقت میں ساتھ دے کر خود کو ہمیشہ کیلئے امر کر لیااس لئے پاکستانی قوم اور آنے والی نسلیں چین کے بے لوث تعاون پر اس کی مشکور رہیں گی نیزسی پیک کا منصوبہ معاشی انقلاب لانے سمیت غربت کے خاتمہ ، بے روز گاری سے نجات اور فلاحی و خوشحال ریاست کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، دوسری جانب پی پی پی کے دور حکومت میں کرپشن اور لوٹ مار کی بد ترین مثالیں قائم کی گئیں اور نندی پور منصوبہ پر ڈاکہ زنی سے یہ منصوبہ تین سال تک کراچی پورٹ پر پڑا رہا مگر عوام کے خون پسینہ کی اربوں روپے کی کمائی لوٹ لی گئی لیکن پھر بھی انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، علاوہ ازیں وہ 21کروڑ عوام کو گواہ بنا کر قسم اٹھاتے ہیں کہ اگر کسی ایک منصوبہ میں بھی ان پر ایک روپے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو زندگی سمیت مرنے کے بعد قبر سے بھی نکال کر انہیں چوراہے میں لٹکا دیا جائے، مزید برآں نیب کی جانب سے پنجاب کی 56کی بجائے 56ہزار کمپنیوں کا آڈٹ و احتساب کر لیا جائے لیکن یکطرفہ احتساب کی بجائے سب کو ایک ہی یارڈ سٹک سے احتساب کے دائرے میں لانا ہو گا کیونکہ ہم نے تو کرپشن نہیں کی مگر زرداری سمیت عمران نیازی کے دائیں بائیں کھڑے لوگ بھی عوام کا خون نچوڑنے ، قرضے معاف کروانے ، کک بیکس اور ملکی سرمایہ لوٹ کر باہر منتقل کر نے والوں میں شامل ہیں جنہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا ہو گا،اسی طرح جلد وہ وقت آنے والا ہے جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گا لیکن موجودہ ملکی حالات میں بہتان بازی کی بجائے حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے میڈیا بھی اپنا مثبت کردار ادا کرے، ہفتہ کی سہ پہر تریموں بیراج کے قریب 1263میگا واٹ بجلی کے ایل این جی بیسڈ کمبائن سائیکل پنجاب پاور پلانٹ حویلی بہادر شاہ جھنگ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ آج کا دن نہ صرف ان کے بلکہ پنجاب کے عوام کیلئے ایک عظیم دن ہے کیونکہ اس روز حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ سے متصل 1263میگا واٹ بجلی کے ایک نئے پنجاب پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے جو14ماہ میں 810میگا واٹ اور 26ماہ میں کل 1263میگا واٹ سستی بجلی کی پیداوار فراہم کرے گا،انہوںنے کہا کہ ان منصوبوں کی وجہ سے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ تقریباًختم ہو گئی ہے اور انشاء اللہ اگلے سال جنوری فروری میں ملک میں وافر بجلی دستیاب ہو گی،انہوںنے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں محمد نواز شریف نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اس کی روشنی میں بھر پور مشاورت کے بعد ہنگامی و جنگی بنیادوں پر بجلی کے نئے منصوبے شروع کئے گئے اور تمام تر تحفظات ، مخالفت ، شکوک و شبہات کو پس پشت ڈال کر ان کی شفافیت کے ساتھ تکمیل میں دن رات ایک کر دیاگیا ،انہوںنے کہا کہ ان منصوبوں میں ایک طرف اربوں روپے کی بچت کی گئی اور دوسری جانب بین الاقوامی معیارات کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا،انہوںنے کہا کہ ان منصوبوں پر برق رفتاری سے عملدرآمد کیلئے محمد نواز شریف کی ہدائت پر شاندار پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل افسران کی ٹیم کا چنائو کیا گیا جنہوںنے کم سے کم وقت میں میگا پراجیکٹ مکمل کئے،انہوںنے کہا کہ ان پاور پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے جہاں چینی اور پاکستانی انجینئر ز نے دن رات ایک کر دیا وہیں سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی جو اس وقت وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل تھے وہ بھی کسی سے پیچھے نہ رہے،انہوںنے کہا کہ قوم سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ دو اڑھائی سال پہلے بجلی کے اندھیرے ختم کرنے کا جو وعدہ کیا گیا تھا وہ اتنے کم وقت میں اتنی کم لاگت سے انتہائی شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچے گا،انہوںنے کہا کہ ملکی ترقی کا یہ سفر چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری سے منسلک ہے یہی وجہ ہے کہ جہاں ایک طرف بجلی کے بحران کے خاتمہ سے ملک تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہو رہا ہے وہیں اقتصادی و معاشی استحکام کی راہیں بھی ہموار ہو رہی ہیں،انہوںنے کہا کہ سی پیک کے باعث جس سے چاروں صوبے مستفید ہوں گے زیادہ برق رفتاری سے پاور پراجیکٹس کو مکمل کیا گیا ہے جن سے لوڈ شیڈنگ کو پاکستانی سرحدوں سے باہر دھکیل دیا گیا ہے اور دوبارہ اسے ملک میں واپس نہیں آنے دیں گے،انہوںنے کہا کہ چینی حکومت ، پاکستان میں چین کے سفیر اور چینی پاور کمپنیوں کے سربراہان نے جس انداز میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا وہ اس پر خراج تحسین کے مستحق ہیں ،انہوںنے کہا کہ چین کی پاکستان کے ساتھ دوستی روز بروز پہلے سے زیادہ مضبوط ، منظم ، مربوط ، فعال ہوتی جا رہی ہے،انہوںنے کہا کہ اگرچہ سعودی عرب ، ترکی اور دیگر مسلم ممالک بھی پاکستان کے اچھے دوست ہیں جنہوںنے ہر برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا لیکن جس طرح چین نے پاکستان کی ہر شعبہ میں مدد کی وہ اپنی مثال آپ ہے،انہوںنے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ چین نے مالی ، سیاسی ، سفارتی ، تکنیکی غرضیکہ ہر شعبہ میں پاکستان کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیا جس سے ہماری اقتصادی ، معاشی ، عسکری و دیگر طاقتوں میں اضافہ ہوا،انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ چین کی احسان مند رہے گی،انہوںنے کہا کہ پاکستان کو جو حالات درپیش تھے ان حالات میں کوئی پاکستان کی مدد کو نہ آتا لیکن چین نے اس موقع پر دوستی و ہمدردی کی جوداستان رقم کی اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، محمدشہباز شریف نے کہا کہ بھکھی ، حویلی بہادر شاہ ،بلوکی پاور پلانٹس کے منصوبے مکمل اور آخری مراحل میں ہیں جن سے اگلے سال جنوری یا فروری میں پوری 3600میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو ملنے لگے گی،انہوںنے کہا کہ اگر ہم نے اپنی حالت بہتر بنانی اور پاکستان کو عظیم بنانا ہے تو ہمیں بحیثیت قوم اپنے آپ کو بدلنا اور ملکی ترقی کے خیر خواہوں و بد خواہوں میں فرق کرنا ہو گا،انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک انتہائی نازک حالات کا شکار ہے جس میں میڈیا کا کردار پہلے سے بہت بڑھ گیا ہے اس لئے میڈیا کو حقیقت بیان کر نی اور صحافیوں کو دودھاری تلوار نما اپنے قلم کو ملک و قوم کے مفاد کیلئے استعمال کرنا ہوگا،انہوںنے کہا کہ حکومت آزادی اظہار کی حامی ہے، اس لئے میڈیا نے سیاستدانوں کے خلاف جو کہنا ہے وہ کہے لیکن قومی ترقی کے سفر اور حکومتی کاوشوں سے بھی قوم کو آگاہ رکھنا چاہیے،انہوںنے کہا کہ ہم نے تمام تر مخالفتوں ، مزاحمتوں اور رکاوٹوں کے باوجود قوم کے راستے سے رکاوٹیں ہٹائی ہیں اور ہر ٹاسک کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے اس لئے آنے والی نسلوں کو حکومت کے اچھے اقدامات سے بھی آگاہ کرنا آزاد میڈیا کی ذمہ داری ہے،انہوںنے کہا کہ ہم نے جو منصوبے شروع اور مکمل کئے اس جیسے منصوبے ماضی میں دوگنا قیمت پر الاٹ کئے گئے لیکن پھر بھی وہ پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکے،انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے عوامی اقدامات کا ذکر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی ضرور ہو گا،انہوںنے کہا کہ اگر ہم نے کسی جگہ کو ئی کرپشن کی ہے تو میڈیا ہمیں بالکل نہ بخشے لیکن اس کے ساتھ ساتھ شفاف منصوبوں کی بات بھی کی جائے،انہوںنے کہا کہ نندی پور جیسے بد ترین کرپشن کے حامل منصوبہ پر کوئی نہیں بولا ،انہوںنے کہا کہ نیب کا فرض ہے کہ نندی پور منصوبہ میں 150ارب روپے کی لاگت ظاہر کی گئی اور اس پر بڈنگ تک نہ کی گئی اور بغیر ٹینڈرنگ منصوبہ منظور نظر کمپنی کو الاٹ کر دیا گیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہ ہوا، اسی طرح چیچو کی ملیاں میں بھی ایک روپے کا کام نہیں ہوا مگر وہاں کمپنی کو اڑھائی ارب روپیہ ایڈوانس دے دیا گیا جس نے ایک اینٹ تک نہیں لگائی ا س لئے ان کا بھی محاسبہ ہونا چاہیے، محمدشہباز شریف نے کہا کہ رینٹل پاور منصوبوں میں زرداریوں اور حواریوں نے قوم کے اربوں روپے لوٹے جبکہ نندی پور میں زرداری کے ساتھ ساتھ دیگران بھی شامل تھے مگر ان کا کوئی احتساب نہیں کیا گیا،انہوںنے کہا کہ چیئر مین نیب کو کوئی غلط فہمی نہیں رکھنی چاہیے کیونکہ وہ بخوشی پنجاب کی 56کی بجائے 56ہزار کمپنیوں کا ریکارڈ چیک کر لیں لیکن دیگر سیاستدانوں کے معاملات بھی انہیں برابری کی سطح پر دیکھنا ہوں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ وہ بلا خوف تردید کہتے ہیں کہ انہوںنے محمد نواز شریف کی قیادت میں محنت ، امانت ، دیانت کی داستان رقم کی ہے جس کا ہر مکتبہ فکر کو ادراک ہے،انہوںنے کہا کہ 56 کمپنیوں کے علاوہ ان کے ساڑھے 9سالہ اور ایک اڑھائی سالہ دور کا بھی معائنہ کر لیا جائے اور خدانخواستہ ان پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہو جائے تو عوام کا ہاتھ اور ان کا گریبان ہو گا لیکن جو کرپشن کے سمندر ہیں اور انہوںنے ملینز روپے لوٹ کر سرے محل بنائے ، لاکرز بھرے ، یتیموں ، بیوائوں کا مال کھایا ، کوٹیکنا ، ایس ایس جی و دیگر منصوبوں میں رقم لوٹی ، رینٹل پاور کے ذریعے قوم کو کنگال کیاانہیں بھی حساب دینا ہو گا،انہوںنے کہا کہ ایک دوسرے کے کندھوں پر بندوقیں رکھ کر چلانے ، دھرنے دینے اور ملکی تعمیر و ترقی کا سفر روکتے ہوئے غلیظ زبان کے استعمال سے لوگوں پر کیچڑ اچھالنے والوں کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہو گا جن کا عوامی عدالت احتساب کرے گی،انہوںنے کہا کہ عمران نیازی نے 22ماہ ملکی تعمیر و ترقی کا سفر روکے رکھا اور ملکی معیشت کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچایا لیکن انہیں اپنے ارد گرد کھڑے چو رنظر نہیں آئے جو اربوں روپے کے قرضے معاف کروا کر ذاتی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں پر پھر رہے ہیں،انہوںنے کہا کہ محمد شہباز شریف سے استعفیٰ مانگنے والے مجھ جیسی کارکردگی بھی دکھائیں،انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی کے اندھیرے ختم کئے ، معیشت بہتر بنائی ، سستی پبلک ٹرانسپورٹ دی، کھاد ، بیج سستے کئے کسانوں کیلئے بلاسود قرضوں کا اجراء کیا ، ذہین نوجوانوں کو تعلیم و تحقیق کیلئے لیپ ٹاپ دیئے اور جگہ جگہ موٹر ویز ، ہائی ویز و دیگر سڑکوں کا جا ل بچھایا اسی طرح فارم تا مارکیٹ روڈ نیٹ ورک کو وسعت دی گئی،انہوںنے کہا کہ ہمارے مخالفین ہمارے احتساب کا شوق خوشی خوشی پورا کریں لیکن قوم کوکنگال کر نے والے اپنے گریبانوں میں بھی جھانکیں،انہوںنے کہا کہ اگر ملک کا بیڑا غرق کرنے اور اسے کنگال کرنے والوں کو نہ پوچھا گیا تو خونی انقلاب ملک کا مقدر ہو گا جو سب کچھ خش و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا،انہوںنے کہا کہ ون پوائنٹ ایجنڈا پر سب کو مل کر ملک کی بہتری کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ جب تک سیاستدان ، جرنیل ، ججز ، پارلیمنٹ اور ادارے ون پوائنٹ پر اکٹھے نہیں ہوں گے اس وقت تک قومی و ملکی مفاد کی خاطر کرپشن کو کنٹرول نہیں کیا جا سکے گا،انہوںنے کہا کہ نیب کو سب کا بے رحم احتساب کرنا چاہیے لیکن کسی کی کردار کشی اور بلا جواز الزام تراشی درست نہیں،انہوںنے کہا کہ ہم نے میگا پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے کسی مڈل ایسٹ ملک سے قرضے نہیں لئے بلکہ چائنیز اس بات پر بھی خوشگوار حیرت کا شکار ہیں کہ ہم نے صرف سی پیک پر بھروسے کی بجائے اپنے وسائل سے بھی منصوبے شروع کئے ہیں،انہوںنے کہا کہ اب پرانی شراب کو نئی بوتل میں بند کرنے کا وقت گزر گیا،انہوںنے عمران نیازی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے 22ماہ میں ملک کو 22سال پیچھے دھکیل دیا لیکن کے پی کے میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی لیکن 4سال بعد انہیں بھی میٹرو یا د آ گئی،انہوںنے کہا کہ عمران نیازی بتائیں کہ انہوںنے کے پی کے میں کتنے پاور پراجیکٹ شروع کئے اور ان میں سے کتنے کلو واٹ بجلی حاصل ہوئی، محمدشہبازشریف نے کہا کہ وقت آنے والا ہے جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،انہوںنے کہا کہ اگر عوام انہیں کرپٹ سمجھتے ہیں تو انہیں بالکل معاف نہ کریں لیکن اگر ان پر یقین اور ان کی کارکردگی پر اعتماد ہے تو ان کا ساتھ دیا جائے،انہوںنے کہا کہ وہ وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں جنہوںنے پنجاب میں میگا پراجیکٹس کیلئے ان کا بھر پور ساتھ دیا،انہوںنے کہا کہ ہم اپنے منصوبے اپنی آمدنی اور وسائل سے مکمل کر رہے ہیں جس سے صنعت و زراعت دوبارہ ترقی کی جانب گامزن ہو رہی ہے،انہوںنے کہا کہ ہم تنگ نظر نہیں لیکن جب تک چاروں صوبے مل کر کام نہیں کریں گے ، ملمع کاری ، جھوٹ ، منافقت کو ختم نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ملک و قوم کی ترقی ممکن نہیں ہو سکتی،انہوںنے کہا کہ میڈیا عوام کو اصل تصویر دکھائے اور صرف سچ کا سہارا لے،انہوںنے کہا کہ جو قوم اپنا آپ بنانے کیلئے اٹھ کھڑی ہوتی ہے کوئی اس کا راستہ نہیں روک سکتا،انہوںنے ایک بار پھر خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں وہاں انہیں امیدا ہے کہ ان کے مخالفین بھی خود کو احتساب کیلئے پیش کریں گے تاکہ ملک سے کرپشن کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ اور ملک تعمیر وترقی کی نئی آبرو مندانہ شاہراہوں پر گامزن ہو سکے،اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ ، سی ای او پی ٹی پی ایل ، پریذیڈنٹ سی ایم ای سی چائنہ ژ انگ چن ، سی پی او پاور اینڈ گیس سیمنز ،سٹیفن ہال بیسٹیڈ ، وفاقی وزیر توانائی سردار ا ویس احمد خان لغاری ، وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی ، چینی سفیر یائو چنگ ، جرمنی کے سفیر ، مختلف چینی و پاکستانی پاور کمپنیوں کے سربراہان ، جھنگ کے علاوہ فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، فیصل آباد کی ڈویژنل اور جھنگ کی ضلعی انتظامیہ کے افسران ، چیئر مینز ضلع کونسلز ، میونسپل کمیٹیز کے چیئر مینز ، منتخب بلدیاتی نمائندگان اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے اہم افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں