پنجاب،دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت مزید10افراد جاں بحق،درجنوں زخمی، شدید دھند کے باعث دو گھنٹے بند رہنے کے بعد لاہور شیخوپورہ موٹروے کو ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا، حادثات میں ہلاکتوں کے بعد پنجاب کے متعدد میدانی علاقوں میں شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں

جمعرات 15 نومبر 2012 13:01

فیصل آباد/ جھنگ/ چیچہ وطنی/ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 15نومبر 2012ء ) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت مزید10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے اْدھر شدید دھند کے باعث دو گھنٹے بند رہنے کے بعد لاہور شیخوپورہ موٹروے کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ حادثات میں ہلاکتوں کے بعد پنجاب کے متعدد میدانی علاقوں میں شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں،فیصل آباد روڈ گوجرہ موڑ کے قریب دھند کے باعث چِنگ چی رکشہ ٹرک کی زد میں آنے سے3 افرادجاں بحق ہو گئے جبکہ جھنگ میں 3 مختلف حادثات میں مزید 3افراد جاں بحق ہوگئے،گوجرانولہ میں مختلف حادثات میں دھند نے 2افراد کو نگل لیا،چیچہ وطنی میں بھی دھند کے باعث ملتان سے لاہور جانے والے بدقسمت کار سڑک کنارے کھڑے ٹرالے سے جا ٹکرا ئی جس کے باعث خاتون سمیت2افراد جاں بحق جبکہ3 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ساہیوال میں ہڑپہ ٹول پلازہ کے قریب مسافر بس دھند کے باعث الٹ گئی7 افراد زخمی ہوگئے،لاہور میں بھی جمعرات کو صبح شدید دھند کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ سے شیخوپورہ انٹرچینج تک موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا،موٹر وے حکام نے ہائی وے پر بھی سفر کرنے والے ڈرایئور حضرات کو فوگ لایئٹس استعمال کرنے اور احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں