وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پرجناح ہال ضلع کونسل جھنگ میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 28 جون 2019 22:21

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پرجناح ہال ضلع کونسل جھنگ میں کھلی کچہری کا انعقاد
جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2019ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پرجناح ہال ضلع کونسل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اشرف نے اسسٹنٹ کمشنر عبدالرئوف اعوان کے ہمراہ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی طرف سے مختلف مسائل پرمبنی شکایات ومسائل سنے اور موقع پر ازالہ کیلئے احکامات جاری کئے۔

اے ڈی سی ریونیو محمد اشرف نے ناجائز قبضوں،لڑائی جھگڑوں،مقدمات کے عدم اندراج،محکمہ مال کے ریکارڈ میں ردوبدل، صفائی، سیوریج، محکمہ تعلیم وصحت کے بارے میں درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے سائلین سے کہا کہ لوگوں کی جائزدرخواستوں پر تیزرفتار عملدرآمد کرکے انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا گیا ہے اور شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شکایات کی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ سائلین کو ریلیف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔انہوںنے ضلع بھر کے سرکاری محکموں کے سربراہان سے کہا کہ شکایت کنندگان کی اطمینان بخش طریقے سے دادرسی کی جائے اور عوامی مسائل سے کنارہ کشی اختیار نہ کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایات پر ہر جمعہ کو کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے اور ضلعی سطح کے علاوہ دیگر تحصیلوں میں جاکر بھی لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔کھلی کچہری میں سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس سمیت تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں