ڈسٹرکٹ ہسپتال میں نشے کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے الگ بحالی سنٹر قائم

جمعرات 16 جولائی 2020 10:10

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2020ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں نشے کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے الگ بحالی سنٹر قائم کردیا گیاہے تاکہ نشے کے عادی افراد کی بحالی، علاج و معالجہ اور نشے جیسی لعنت سے چھٹکاراسمیت انہیں جسمانی و ذہنی طور پر مکمل تندرست حالت میں مثبت سوچ کا حامل معاشرے کا مفیدو کارآمد شہری بنا کرملک و قوم کی خدمت کے دھارے میں لایا جاسکے۔

اس سلسلہ میں بدھ کے روز ایک پروقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹوآفیسرڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی تھے جبکہ اس موقع پرہسپتال کے ایم ایس راؤ محمد ارشد، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل،ایس پی انویسٹی گیشن پولیس محمد مزمل ،آصف منور ممبر ضلعی کمیٹی انسانی حقوق جھنگ،مدثر حبیب جامی فرسٹ ایڈ آفیسر ہلال احمرو ممبر نارکوٹکس کمیٹی بھی موجود تھے جنہوں نے نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے قائم کئے گئے علاج و معالجہ سنٹرکا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہر عباس عادل کا کہنا تھا کہ پنجاب اور ضلعی حکومت کی سربراہی میں نشے کے عادی افرادکا علاج و معالجہ کرکے ان کو ایک بہترین کارآمد شہری بنایا جائے گا تاکہ وہ بھی ملک و قوم کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں ۔ چیف ایگزیکٹوآفیسرہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی نے بتایاکہ اس سنٹر پر نشے کے عادی افراد کیلئے تمام تر ادویات کی فراہمی محکمہ صحت کی ذمہ داری ہو گی جبکہ ایم ایس ڈاکٹر راؤ ارشدنے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے ڈاکٹرز ، نرسز،پیرامیڈیکل سٹاف کی ڈیوٹی لگائی جائے گی تاکہ نشے کے عادی افراد کو مکمل بحالی تک تمام ممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔

ایس پی انویسٹی گیشن پولیس جھنگ محمد مزمل نے کہا کہ شہریوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے شعوری بیداری کا انتظام بھی کیا گیا ہے جس سے منشیات کے استعمال میں واضح کمی آئے گی ۔دریں اثناء جھنگ کے عوامی و سماجی و حلقوں نے مذکورہ اقدام کیلئے پنجاب حکومت، ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو اورچیف ایگزیکٹوآفیسرہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے اس سنٹر کا قیام ممکن ہوسکا۔انہوں نے توقع ظاہر کی اس سنٹر کی وجہ سے جھنگ میں منشیات کے عادی افرادکی بڑھتی ہوئی تعداد میں کمی واقع ہو گی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں