پراسیکیوٹرزاینڈ لیگل آفیسرز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ تنویر الیاس کاظمی کی ڈپٹی کمشنر جھنگ سے ملاقات،جھنگ اور دیگر علاقوں میں مقیم کشمیری مہاجرین کے مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا

جمعہ 17 جولائی 2020 13:10

․ جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2020ء) پراسیکیوٹرزاینڈ لیگل آفیسرز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ تنویر الیاس کاظمی نے ڈپٹی کمشنر جھنگ محمدطاہر وٹو سے ملاقات کی جس میں انہیں جھنگ اور دیگر علاقوں میں مقیم کشمیری مہاجرین کے مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری اشرف،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوشاہد عباس جوئیہ ،اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ سردار فیضان ریاض احمد ،اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری محسن عالم ، اسسٹنٹ کمشنر احمدپورسیال اور نگرانی ڈپٹی کمشنر آفس سید پیام رضا بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر ی مہاجرین کی بڑی تعداد جھنگ میں مقیم ہے جنہیں حکومت پاکستان نے مہاجر کوٹہ پر اراضی الاٹ کررکھی ہے مگر مہاجرین کی بڑی تعداد آزاد کشمیر میں مہاجر کوٹہ پر ملازمت کرتی ہے اور ان ملازمین کی بڑی تعداد آزاد کشمیر میں مقیم ہے مگر ان مہاجرین کی عدم موجودگی میں مقامی شرپسند افرادان کی فصلات ، مکانات وغیرہ کا نقصان کرتے اور شیشم وکیکر سمیت قیمتی پھلدار درخت کاٹ لیتے ہیں جس کے باعث مہاجرین کشمیر کوشدید پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنرجھنگ نے انہیں یقین دلایا کہ مہاجرین کشمیر کی مشکلات اور شکایات کافوری ازالہ کیاجائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طورپر جملہ تھانہ جات کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فصلات، درختان اور مکانات کا نقصان کرنے والے مقامی شرپسند افراد کے خلاف کاروائی کرکے فوری رپورٹ پیش کریں تاکہ مہاجرین کی شکایات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں