جھنگ میں بھی ابتدائی طبی امداد کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے آگاہی ویک منایا گیا

اتوار 13 ستمبر 2020 15:00

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2020ء) پنجاب بھر کی طرح ضلع جھنگ میں بھی ابتدائی طبی امداد کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے آگاہی ویک منایا گیا۔ ہفتہ فرسٹ ایڈ منانے کا مقصد معاشرے میں کسی بھی ایمرجنسی میں فرسٹ ایڈ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور لوگوں میں ابتدائی طبی امداد کی تربیت کو عام کرنا تھا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122 علی حسنین نے فرسٹ ایڈ کے حوالہ سے بتایا کہ جھنگ کے مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں فرسٹ ایڈر پروگرام کے تحت سول سوسائٹی ، ریسکیو رضاکاروں اور ٹائیگر فورس پر مشتمل افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی ٹریننگ دی گئی جس کا مقصد فرسٹ ایڈ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا کیونکہ ہر گھر میں صرف تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر کی موجودگی سے ہی کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بہتر طریقے سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ریسکیو 1122 جھنگ کی کمیونٹی ونگ نے مسلسل 7 روز ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے کورسز اور سیمینارز کروائے۔ مزید برآں ہفتہ فرسٹ ایڈ کے آخری روز ابتدائی طبی امداد کی آگاہی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین کی قیادت میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ریسکیو اہلکاروں، سول سوسائٹی، ریسکیو رضاکاروں اور ٹائیگر فورس کے جوانوں کے علاوہ ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین نے واک کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہا کہ ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ معاشرے کے ہر فرد پر لازم ہونی چاہیے اس حوالے سے ریسکیو کمیونٹی ونگ محلہ کی سطح پر مختلف تعلیمی اداروں اور یونین کونسل کی سطح پر ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ کروا رہی ہے اسی طرح ہی ہم ایک محفوظ معاشرے کے خواب کو پایا تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں۔ بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے عوام الناس کی اگاہی کے لیے کیمپ لگا کر ابتدائی طبی امداد کے پمفلٹس بھی تقسیم کیے ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں