جھنگ ؛ نوجوان کو دلہا بننے پر کورونا ویکسین لگوانا پڑ گئی

بغیر ویکسی نیشن کے دلہن کو لے جانے کے لیے تیار دلہا سمیت کئی باراتیوں کو بھی انسداد کورونا ویکسین لگا دی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 31 اکتوبر 2021 14:38

جھنگ ؛ نوجوان کو دلہا بننے پر کورونا ویکسین لگوانا پڑ گئی
جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 اکتوبر 2021ء ) صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں ایک نوجوان کو دلہا بننے پر کورونا ویکسین لگوانا پڑ گئی ، بغیر ویکسی نیشن کے دلہن کو لے جانے کے لیے تیار دلہا سمیت کئی باراتیوں کو بھی انسداد کورونا ویکسین لگا دی گئی۔ سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق جھنگ کے علاقے شاہ جیونہ میں مظہر عباس کی بارات لے جانے کی تیاروں کے دوران محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم ان کے گھر پہنچ گئی اور دلہا سمیت تقریب میں شریک دیگر مہمانوں سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ طلب کیے۔

بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم کو جب معلوم ہوا کہ دلہے سمیت کئی باراتیوں نے ویکسین ہی نہیں لگوائی تو انہوں نے دلہا کو بارات لے جانے سے قبل ہی ویکسین لگا دی جب کہ شادی میں شریک کئی باراتیوں کو بھی موقع پر ہی ویکسین لگادی گئی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں یومیہ 10 لاکھ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس کے لیےوزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں شہریوں کو گھر کی دہلیز پر ویکسین لگائی جائے گی، ویکسی نیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی، مہم کیلئے 18ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،جن کی مدد سے شہریوں کو ان کے گھروں میں جا کر کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی مہم Reach Every Door RED کے بارے میں بریفنگ دی گئی ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی اور روزانہ تقریباً 10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، کیوں کہ پنجاب کو کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور صوبے میں اب تک تقریباً 13 ہزار سے زائد افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں اور پنجاب کی معیشت کو تقریباً 650 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ، جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے ویکسی نیشن اور احتیاط ضروری ہے ، اسی لیے پنجاب حکومت نے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم شروع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ RED ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے صوبہ بھرمیں 14 ہزار نئے ویکسی نیشن سنٹرز قائم کیے ہیں ، شہریوں کو ان کی دہلیز پر ویکسیشنیشن کیلئے 18 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، خصوصی ٹیمیں ہر محلے اور گاؤں میں جا کرمفت ویکسین لگائیں گی ، ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں کریں گی ، جب کہ صوبائی وزراء، منتخب نمائندگان اور سماجی کارکنوں کو بھی مہم کی کامیابی کیلئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ، کورونا سے نجات کا واحد حل ویکسی نیشن ہے ، میری عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین لازمی لگوائیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں