الیکشن ٹربیونل فیصل آباد نے رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کیخلاف دائرانتخابی عذرداریوں کی سماعت ملتوی کردی

منگل 12 مئی 2015 19:09

جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء ) الیکشن ٹربیونل فیصل آبادو سرگودھا ڈویژنز کے جج جاوید رشید محبوبی نے منگل کے روز ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 78شہری نشست جھنگII راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائرانتخابی عذرداریوں کی سماعت آج 13 مئی بروز بدھ تک ملتوی کردی ہے جبکہ اس موقع پر فاضل ممبر اسمبلی کے وکلاء تحریری ایویڈنس پیش کریں گے ۔

عدالتی ذرائع نے منگل کے روز بتایاکہ مولانا محمد احمدلدھیانوی بنام راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کی دائر کردہ الیکشن پٹیشن نمبر 119/2013 ، شیخ دانیال اقبال کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 391/2013 ، محمد سعید اختر کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 208/2013 اور طارق اسلم کی راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر درخواست زیر دفعہ 76-A کے تحت سماعت کیلئے آج بدھ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اہلسنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ اور مذکورہ حلقہ سے 11مئی 2013ء کے انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی ، شیخ دانیال اقبال ، ماسٹر محمد سعید اختر اور ایک شہری شیخ طارق اسلم کی جانب سے کامیاب امیدوار راشد ہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر کی گئی انتخابی عذرداریوں میں مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں نااہل قراردینے کی استدعا کی گئی تھی ۔

11 مئی 2013ء کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78جھنگ II شہری نشست سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راشدہ یعقوب نے 42870 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ متحدہ دینی محاذ کے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی نے 40938 ، پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر ابوالحسن انصاری نے 10217 ، آزاد امیدوار شیخ دانیال اقبال نے 8665، آزاد امیدوار وقاراحمد انصاری نے 5950 ، آزادامیدوار سید اختر عباس شیرازی نے 2725، پی ایم ایل (ق)کے امیدوار استقلال حسین قیصر نے 388، جماعت اسلامی کے امیدوار محمد طارق فاروق صابری نے 158اور ایم کیو ایم کے امیدوار رانا کلیم الرحمن نے 39ووٹ حاصل کئے تھے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں