زراعت کی ترقی کیلئے سستے ڈیزل ، کھاد ، بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ‘ چیئرمین پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کامطالبہ

منگل 12 مئی 2015 19:09

جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء ) پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے زراعت کی ترقی کیلئے سستے ڈیزل ، کھاد ، بجلی کی فراہمی یقینی بنانے سمیت زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کو مد نظر رکھ کر اجناس کے نرخ مقررکرنے کی جانب بھی اولین توجہ مرکوز کرنے کامطالبہ کیاہے تاکہ کاشتکار مزیدبہتر انداز میں فصلات کی کاشت کی جانب توجہ دے سکیں اور انہیں اپنی اجناس کے بہتر نرخ حاصل کرنے میں بھی معاونت حاصل ہو سکے۔

میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کے حصے کاپانی روک کر ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی کی ایک ایک بوند سے ترسا دیاہے جبکہ بااثر زمیندار ، جاگیردار ، وڈیرے محکمہ انہارکے کرپٹ حکام کی ملی بھگت سے وسیع پیمانے پر پانی چوری کرکے غریب کسانوں کی حق تلفی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جہاں زیرزمین میٹھا پانی موجود ہے وہاں کاشتکار ٹیوب ویلوں کے ذریعے پانی کی کمی کا تدارک کرلیتے ہیں مگر ڈیزل کی آسما ن کو چھوتی ہوئی قیمتوں نے کاشتکاروں کیلئے ڈیزل ٹیوب ویلوں کااستعمال ناممکن بنادیاہے۔

اسی طرح بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویل بھی بجلی کے انتہائی زیادہ نرخوں کے باعث کار آمد ثابت نہ ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دنیابھرکے ممالک میں زراعت کی ترقی کیلئے ڈیزل ، کھاد ، بجلی ، زرعی آلات ، زرعی ادویات ، بیجوں وغیرہ پر بھاری سبسڈی دی جاتی ہے لیکن پاکستان میں سالانہ اربوں روپے مبینہ طور پر بیوروکریسی کی کرپشن کی نذرہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اس جانب خصوصی توجہ مرکوز کرے تاکہ کاشتکار سرسبز زرعی انقلاب لانے کے قابل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں