وزیر اعظم نواز شریف کی کسان پیکج کے تحت چیکوں کی تقسیم پر فقیدالمثال استقبال ضلع جھنگ کے کپاس اور دھان کی فصل کے متاثرہ 52574 کاشتکاروں میں 95کروڑروپے کی رقم کی تقسیم پر کاشتکاروں کا زبردست خیر مقدم

منگل 24 نومبر 2015 18:38

جھنگ ۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف منگل کی دوپہر اڑھائی بجے بذریعہ ہیلی کاپٹرفیصل آباد سے کسان پیکج کے تحت کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیکوں کی تقسیم کیلئے مائی ہیر سٹیڈیم جھنگ پہنچے تو ان کا فقید المثال استقبال کیاگیاجبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے کسان پیکج کے تحت ساڑھے 12ایکڑ سے کم رقبہ کے حامل کاشتکاروں اور کسانوں میں کروڑوں روپے کی مالی امداد کے چیک تقسیم کئے ۔یاد رہے کہ وزیر اعظم کے کسان پیکج کے تحت ضلع جھنگ کے دھان اور کپاس کے 52574 کاشتکاروں و کسانوں جن میں 40406 کاشتکار چاول اور 19844 کاشتکار کپاس جبکہ 7676کاشتکار چاول و کپاس کی فصل کے مشترکہ متاثرین ہیں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیکوں کی تقسیم کے موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مذکورہ 52574کاشتکاران کی کل اراضی ایک لاکھ 89ہزار 926ایکڑ ہے جن میں کسان پیکج کے تحت مجموعی طور پر 95کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مزید بتایاگیاکہ 5ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے اب تک ضلع جھنگ کے 12348 کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے جا چکے ہیں جن میں سے 10109 کے پے آرڈرز کیش بھی کروا لئے گئے ہیں نیز آئندہ چندروز میں تمام متاثرہ کاشتکاروں میں شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم کاعمل مکمل کرلیاجائیگا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈسکیورٹی اینڈریسرچ سکندر حیات بوسن، صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید،چیف سیکرٹری پنجا ب خضر حیات گوندل،آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا،کمشنر فیصل آبادنسیم نواز ، ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد محمداحسان طفیل ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر جھنگ نادر چٹھہ، ڈی پی او جھنگ ہمایوں مسعود سندھو، ممبران قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم ، نجف عباس خان سیال ،غلام بی بی بھروانہ، صاحبزادہ نذیر سلطان، غلام محمد لالی، ممبران صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ، مہرخالد محمودسرگانہ ، نواب خرم خان سیال ، محمد خان بلوچ، میاں محمد اعظم چیلہ، چوہدری خالد غنی، ثقلین انور سپرا، محمد عون عباس ، سابق وفاقی وزیر برائے تعلیم و تربیت شیخ وقاص اکرم ، سابق ایم پی اے محمد یعقوب شیخ نے وزیر اعظم کااستقبال کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد نوازشریف گلگت بلتستان سے فیصل آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں