پی پی 78 جھنگ کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم (کل )رات 12 بجے ختم ہو جائیگی

یکم دسمبر کو پی پی 78 جھنگ کے انتخابات کی پولنگ کے موقع پر کسی بھی قسم کا آتشیں اسلحہ لے کر چلنے یا اس کی نمائش پر مکمل طور پر پابندی ہو گی

اتوار 27 نومبر 2016 14:30

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2016ء) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ پر یکم دسمبر کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم (کل) 29 نومبر بروز منگل کی رات 12 بجے ختم ہوجائیگی جس کے بعد کوئی امیدوار کسی قسم کی انتخابی مہم نہیں چلاسکے گااور نہ ہی کسی کو ووٹرز یا رائے دہندگان پر اثر انداز ہونے کی اجازت ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق تمام امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف حسب ضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشن کی سو گز کی حدود میں کسی امیدوار یا اس کے حامیوں کو پولنگ کیمپ لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے یکم دسمبر بروز جمعرات کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78 جھنگ کے انتخابات کی پولنگ کے موقع پرسیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے کسی بھی قسم کا آتشیں اسلحہ لے کر چلنے یا اس کی نمائش پر مکمل طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی ضابطہ اخلا ق کی شق 29 پر سختی سے علمدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاراس پابندی سے مستثنیٰ ہوںگے ۔

الیکشن کمیشن ۱ٓف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ اسلحہ لے کر چلنے اور اس کی نمائش پر پابندی فور ی طور پر شروع ہو کر ریٹرننگ افسر کی طرف سے حتمی نتائج مرتب کرنے کے 24گھنٹے بعد تک برقرار رہے گی اور اس سلسلہ میں تمام سرکاری قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو ہر حال میں یقینی بنایاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں