نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی مولانا مسرور نواز جھنگوی کا شہر میں صحت و صفائی کی نا قص صورتحال پر سخت برہمی و ناگواری کا اظہار

ٹی ایم اے جھنگ کے حکام کو فوری طورپر خصوصی ہفتہ صفائی شروع کرکے شہر کو گندگی سے پاک کرنے کی ہدایت

اتوار 18 دسمبر 2016 15:10

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی جھنگ مولانا مسرور نواز جھنگوی نے شہر میں صحت و صفائی کی نا قص صورتحال پر سخت برہمی و ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم اے جھنگ کے ایڈ منسٹریٹر، ٹی ایم او، چیف ۱ٓفیسر، چیف سنٹری انسپکٹر و دیگر حکام کو فوری طورپر خصوصی ہفتہ صفائی شروع کرکے شہر کو گندگی سے پاک ،گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرنے والے سفید کالر بابو نما سنٹری ورکرز کو بھی ڈیوٹیوں پر حاضر یا برطرف کرکے انکی جگہ نیا عملہ صفائی بھرتی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا سے بات چیت اور مختلف وفود سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ ٹی ایم اے کا عملہ صفائی ماہانہ لاکھوں کروڑوں روپے کی تنخواہوں و دیگر مراعات کی وصولی کے باوجود اپنے فرائض کی سرانجام دہی میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر گلی محلے میں نالیاں بند، ابلتے گٹر،جا بجا کوڑے کرکٹ و گندگی کے ڈھیر، قدم قدم پر لاوارث ملبے کے انبار مچھروں، مکھیوں،دیگر کیڑے مکوڑوں کی افزائش کے مرکز اور تعفن و بدبو کے پیش خیمہ ثابت ہورہے ہیں جس نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے مگر متعلقہ حکام پر اسرار چپ اختیار کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھنگ انسانوں کے بسنے والا شہر کم اور فلتھ ڈپو زیادہ محسوس ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرمناک امر یہ بھی ہے کہ کسی رکن اسمبلی یا انتظامی افسر نے اس جانب توجہ دینے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں یہ بات بھی لائی گئی ہے کہ بڑی تعداد میں وائٹ کالر بابو نما سفید پوش با اثر افراد ٹی ایم اے میں سنٹری ورکر بھرتی ہیں مگر انہوں نے ۱ٓج تک عملہ صفائی کی ڈیوٹی نہیں کی بلکہ وہ یا تو بااثر سیاسی و انتظامی شخصیات یا سرکاری افسران کے ڈیروں پر پرائیویٹ امور سرانجام دیتے یا بڑے بڑے کاروباری مراکز میں کاروبار کرتے نظر ۱ٓتے ہیں مگر متعلقہ ٹی ایم اے حکام کی ماہانہ خاطر خدمت کے باعث کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں اسی لئے تمام شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ صورتحال مزید نہیں چلے گی اور اگر متعلقہ ٹی ایم اے حکام نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو وہ وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر فیصل ۱ٓباد سمیت دیگر ارباب اختیار سے ملا قات کرکے صورتحال انکے علم میں لانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر محلہ میں سنٹری ورکرز کی ڈیوٹیوں کے فلیکس ۱ٓویزاں کئے جائیں تاکہ شہریوں کو اپنے اپنے علاقوں میں تعینات عملہ صفائی کے بارے میں ۱ٓگاہی حاصل ہوسکے۔انہوں نے فوری طور پر شہر بھر میں خصوصی ہفتہ صفائی مہم شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں