جھنگ کے معروف سینئر صحافی ڈاکٹر یاسین چوہدری کی والدہ محترمہ پیر کو مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئیں،

نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت

پیر 24 دسمبر 2018 16:40

جھنگ/فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2018ء) جھنگ کے معروف سینئر صحافی ، جھنگ پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس کے بانی ارکان میں شامل خبر رساں ادارہ این این آئی اور آج نیوز چینل کے ڈسٹرکٹ رپورٹر ڈاکٹر یاسین چوہدری کی والدہ محترمہ اور معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد امین مرحوم کی بیوہ پیر کی علی الصبح مختصر علالت کے بعد اپنے مالک حقیقی سے جا ملیں۔

مرحومہ کا جسد خاکی ان کی رہائشگاہ مونجی گرائونڈ بلاق شاہ روڈ جھنگ صدر سے بعد دوپہر اٹھایا گیا۔ مرحومہ و مغفورہ کی نماز جنازہ جھنگ کے مرکزی قبرستان لولہے شاہ میں ادا کی گئی جس میں ارکان اسمبلی ، انتظامی افسران ، پولیس حکام، محکمہ تعلقات عامہ ، آفیشل میڈیا کے ذمہ داران ، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے صحافیو ں ، وکلاء ، علماء، دانشورو ں ، تاجروں ،صنعتکاروں ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مرحومہ و مغفورہ کو اشک بار آنکھوں کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں ان کے مرحوم شوہر کے پہلو میںسپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحومہ معروف ماہر طب ڈاکٹر رجب علی شاہین کی بھی والدہ محترمہ تھیں۔دریں اثناء پریس کلب جھنگ کے صدر لیاقت علی انجم ، سیکرٹری شیخ خرم سعید ، جھنگ یونین آف جرنلسٹس جھنگ کے صدر لیاقت علی شام ، جنرل سیکرٹری عدنان نور ، سینئر صحافیوں صاحبزادہ ذاکر رحمن ، سلطان احمد ملک ، کلیم اللہ خان لودھی،ڈاکٹر شہباز اقبال ، شیخ محمد شہباز تبسم ، محمد اخلاق قریشی ، شیخ غلام اکبر ، اصغر علی بھٹی ،اصغر مغل ، خرم رئیس ، معاویہ اعظم ، عدنان قریشی ، چوہدری محمد اشرف شاہین اور دیگر عہدیداران و ممبران نے ڈاکٹر یاسین چوہدری اور ڈاکٹر رجب علی شاہین کی والدہ محترمہ کی ناگہانی وفات حسرت آیات پر گہرے دکھ ، دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوںنے مرحومہ کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ علاوہ ازیں محکمہ تعلقات عامہ جھنگ کا تعزیتی اجلاس ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر رائو شکیل احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر یاسین چوہدری اور دیگر پسماندگان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں انہوںنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند اور پسماندگان کو یہ صدمہ جانکاہ ہمت و استقامت سے برداشت کرنے سمیت صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں