جھنگ ، پولیس مقابلہ میں پولیس کے تین جوان شہید ، اشتہاریوں کا ایک ساتھی ہلاک ، ایک خاتون زخمی

پیر 3 دسمبر 2012 20:21

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3دسمبر۔ 2012ء) تھانہ موچیوالہ جھنگ کے علاقہ چک 175 میں پولیس مقابلہ کے دوران پولیس کے تین جوان شہید جبکہ اشتہاریوں کا ایک ساتھی ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہو گئی ۔تفصیل کے مطابق دس لاکھ سر کی قیمت کا اشتہاری رمضان عرف رمضانی بلوچ اپنے دیگر ساتھیوں کے سا تھ تھا نہ مواچیوالہ کے علاقہ چک 175 میں چھپا بیٹھا تھا کہ مخبری پر پولیس کی بھری نفری نے مذکورہ مکان کو گھیرے میں لے کر ملزمان کو گرفتاری دینے کے لیے کہا جس پر رمضان عرف رمضانی بلوچ اور اس ساتھیوں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور دونوں طرف سے فائرنگ کا شدید سلسلہ شروع ہو گیا ۔

جھنگ سے پولیس کی مزید نفری کے علاوہ فیصل آباد ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ا ور چنیوٹ سے ایلیٹ فورس اور پولیس کی نفری بھی منگوائی گئی تھیں اور اندھیرا ہونے کے باعث سرچ لائٹس بھی منگوائی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

مقابلے کے دوران پولیس کے تین جوان ہیڈ کانسٹیبل عبدالرزاق،لیاقت نول اور ایلیٹ فورس کا سپاہی خدابخش شہید ہو گئے جبکہ گاوٴں کی ایک خاتون رانی بی بی شدید زخمی ہو گئی ۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے رمضان عرف رمضانی بلوچ کا ایک ساتھی ہلاک ہو گیا ۔جبکہ رمضان عرف رمضانی بلوچ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔پولیس مقابلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ایلیٹ کانسٹیبل خدا بخش کو زخمی شدید زخمی حالت میں الائیڈہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستہ میں ہی زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا جبکہ زخمی خاتون رانی بی بی کو سول ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا گیا ہے ۔

پولیس مقابلہ کے دوران شہید ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن گراونڈ میں ادا کر دی گئی ہے ۔نماز جنازہ میں آر پی او فیصل آباد آفتاب احمدچیمہ،ڈی پی او اختر عمر حیات لالیکا ،مولانا احمد لدھیانوی ،صدر بار غلام فرید نول ایڈ وکیٹ سمیت ججوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی ۔

نمازجنازہ کے بعد شہدا ء کی میتوں پر پولیس کی طرف سے آر پی او نے ڈی پی او کے ساتھ پھولوں کی چادریں چڑھائیں ۔اس موقع پر صدر بار نے بھی وکلاء اور ڈی سی او شاہد نیاز کے ہمراہ شہداء کی میتوں پر پھول چڑھائے ۔بعد ازاں آر پی او آفتاب احمد چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چک نمبر 175 کے مقامی افراد نے پولیس پر پتھراوٴ کر کے پولیس ریڈ کو ناکام بنایا جس سے اشتہاریوں کو فرار ہونے میں مدد ملی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ جرائم پیشہ لوگوں کا گڑھ بن چکا ہے پولیس نے اشتہاریوں کی موجودگی کی کنفرم اطلاع پر ریڈ کیا تھا جس کو مقامی ڈھائی تین سو کے قریب اشتہاریوں کی برادری اورقوم کے لوگوں نے پولیس کو پتھراوٴ کر کے الجھایا اور اشتہاریوں کو بھاگنے کا موقعہ فراہم کیا ۔انہوں نے کہا کہ تھانہ موچی والہ کے اس علاقہ میں وسیع پیمانے آپریشن کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اشتہاریوں سے مقابلہ شروع ہوتے ہی پولیس کا ایمونیشن ختم ہونے کی بھی انکوائری کی جائے گی ۔ایمونیشن ختم ہونے کا سوال میڈیا نے اٹھا کر نشان دہی کی جس پر آر پی او نے انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں