ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد ریجن کا محکمہ ہائی وے میں ہونے والی مبینہ بد عنوانیوں کا نوٹس، فوری تحقیقات کاحکم

جمعہ 7 دسمبر 2012 18:47

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7دسمبر۔ 2012ء) ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد ریجن عامر اعجازنے محکمہ ہائی وے جھنگ میں ہونے والی مبینہ بد عنوانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کاحکم دے دیاہے ۔ گزشتہ روز اینٹی کرپشن ویک کے سلسلہ میں جناح ہال ضلع کونسل جھنگ میں منعقد ہ سیمینار کے موقع پر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن ہائی وے جھنگ کے صدر محمد عارف پہلوان نے بعض دیگر ٹھیکیداران کے ہمراہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد ریجن عامر اعجاز اکبر سے ملاقات کی اور انہیں تحریری درخواست فراہم کی جس میں موٴقف اختیارکیاگیاتھا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر ( روڈز ) ہائی وے ڈویژن جھنگ جن کے پاس ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز جھنگ ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر روڈز جھنگ ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرروڈز شورکوٹ کے عہدہ کا اضافی چارج بھی ہے نے سرگودھا روڈ تا قطب اعوان ، آبادی شریف اعوان ، اونارا ، آبادی شریں (لمبائی 1.59 کلو میٹر ) کی تعمیر کا ٹھیکہ 60 لاکھ روپے مالیت میں ایک مقامی ٹھیکیدار کو الاٹ کیا ہے جس کا اسٹیمیٹ موقع کے مطابق نہ ہے اور اس ٹھیکہ کے تخمینہ میں سنگین ترین بد عنوانی و فراڈ کیا گیا ہے نیز مذکورہ سکیم میں آبادی قطب اعوان میں پہلے سے سولنگ لگا ہوا ہے جسے اسٹیمیٹ میں ظاہر نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح آبادی شریں میں ڈیڑھ دو فٹ برم کی مٹی لی گئی ہے جو کہ سراسر غلط ہے حالانکہ وہاں پر دو انچ بھی مٹی نہ پڑتی ہے اور جو چار انچ پتھر اوور لے کے طور پر لیا گیا ہے اور ایجنگ لی گئی ہے وہ پہلے سے موجود ہے اس طرح سڑک پر صرف تارکول کا استعمال ہونا باقی ہے لہٰذا اس مد میں جعلسازی سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرتے ہوئے سنگین ترین جعلسازی اور خرد برد کی کوشش کی جا رہی ہے نیز آبادی شریف اعوان ، اونارا میں بھی انتہائی زیادہ مٹی اسٹیمیٹ میں ظاہر کی گئی ہے جبکہ موقع پر مذکورہ مٹی نہ ڈالی جانی ہے ۔

انہوں نے موٴقف اختیارکیاکہ ڈسٹرکٹ آفیسر ( روڈز ) ہائی وے ڈویژن جھنگ نے تعمیر سڑک اینڈ ڈرین آبادی چیلہ نامی سکیم کا ٹھیکہ 47 لاکھ روپے میں ایک مقامی ٹھیکیدار کو الاٹ کیا ہے جو پہلے ہی مذکورہ ٹھیکہ کے بارے میں مکمل معلومات رکھتا ہے نیز اس ٹھیکہ میں 1.16 کلو میٹر علاقہ میں مکمل سولنگ لگا ہوا ہے اور اطراف میں پرانا نالہ بھی بنا ہوا ہے جسے تخمینہ لاگت میں ظاہر نہیں کیا گیا اور مٹی بھی زائد لی گئی ہے ۔

علاوہ ازیں 36 سینکڑے سولنگ لیا گیا ہے جو تقریباً 160 سینکڑہ بنتا ہے نیز محکمہ نے سب بیس بھی نیا لیا ہے حالانکہ سب بیس پہلے سے موجود ہے ۔ اسی طرح محکمہ نے پرانے نالہ کی ڈس مینٹلنگ بھی ظاہر نہ کی ہے اور اسٹیمیٹ میں لاکھوں روپے کا اضافی تخمینہ لگا کر بھاری سرکاری رقوم ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے خرد برد کرنے اور فراڈ و جعلسازی سے ہتھیانے کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔

انہوں نے اعلیٰ سطحی غیر جانبدار ٹیکنیکل افسران سے فوری طور پر موقع ملاحظہ کروانے ،اسٹیمیٹ سمیت سکیم کی الاٹمنٹ کی تمام دستاویزات قبضہ میں لے کر غیر جانبدارانہ و شفاف تحقیقات یقینی بناتے ہوئے کرپٹ ترین ڈی او ( روڈز ) ہائی وے ڈویژن جھنگ کو معطل و تبدیل کرنے کے احکامات صادرکرنے کابھی مطالبہ کیاہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں اور سرکاری خزانہ کو لوٹ مار سے بچایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں