حویلی بہادر شاہ جھنگ کا 1230میگا واٹ بجلی کا پاور پلانٹ آئندہ ماہ کے آخر تک بجلی کی باقاعدہ سپلائی شروع کر دے گا، ایکس ای این واپڈا فیسکو جھنگ ون ڈویژن افضل کاٹھیا کی میڈیا سے گفتگو

پیر 26 اگست 2019 15:05

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2019ء) حویلی بہادر شاہ جھنگ کا 1230میگا واٹ بجلی کا پاور پلانٹ ماہ ستمبر کے آخر تک بجلی کی باقاعدہ سپلائی شروع کر دے گا جبکہ مذکورہ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل اور جھنگ کی سپلائی میں اضافہ سے وولٹیج کی کمی بیشی اور لائن لاسز کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ایکس ای این واپڈا فیسکو جھنگ ون ڈویژن افضل کاٹھیا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایاکہ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ جھنگ نے آزمائشی بنیادو ں پر پیداوار کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس پلانٹ کو اگلے ماہ ستمبر 2019ء کے آخر پر نیشنل گرڈ سے منسلک کر کے اس سے جھنگ اور گردو نواح کے علاقوں کو بجلی کی سپلائی شروع کر دی جائے گی۔

انہوںنے بتایاکہ نیشنل گرڈ میں اضافی بجلی شامل ہونے سے جھنگ کے مختلف علاقوں میں بجلی کے وولٹیج کی کمی بیشی ، لوڈ مینجمنٹ اور لائن لاسز کا مسئلہ مستقل بنیادو ں پر حل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

محمد افضل کاٹھیا نے بتایاکہ جھنگ ڈویژن ون کی ریکوری کے معاملات درست سمت میں جا رہے ہیں اور نہ صرف بجلی چوری کے واقعات کو روکا گیا بلکہ لائن لاسز میں بھی خاطر خواہ کمی لائی گئی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ مون سون کی حالیہ شدید بارشو ں کے دوران پیش آنے والے مسائل سے بہتر طریقہ سے بروقت نمٹا گیا ہے جس سے بجلی کی بلا تعطل سپلائی جاری رکھنے میں مدد ملی ہے۔انہوںنے بتایاکہ جہاں پولز ، تاروں اور میٹرز کی کمی تھی وہاں اس کمی بیشی کو فوری پورا کیا جا رہا ہے۔انہوںنے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ موسم برسات او رمون سون کی بارشوں کے دوران سخت احتیاط سے کام لیں اور جہاں بجلی کی تنصیبات کے گرد بارشوں کا پانی جمع ہو جاتا ہے وہاں کھمبوں اور تاروں سمیت ٹرانسفارمرز و بجلی کی دیگر تنصیبات سے دور رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ اوپن وائرز یا کھلے جوڑ موجود ہیں انہیں کسی اچھے الیکٹریشن سے چیک کروا کر فوری واٹر پروف بنوایا جائے تاکہ بجلی کے کرنٹ کا خدشہ نہ رہے نیز اس ضمن میں متعلقہ واپڈا فیسکو سب ڈویژن کے کمپلینٹ آفس کی خدمات سے بھی فوری استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسکو کم وسائل کے باوجود عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے کیونکہ صارفین کی بہترین خدمت اور انہیں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہی فیسکو کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں