اسسٹنٹ کمشنر جھنگ نے لیز پر حاصل کی گئی 200کنال سرکاری اراضی پر مکہ ٹاؤن سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ کے نام سے رہائشی کالونی کی تعمیر کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا

جمعہ 13 مارچ 2015 19:46

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء) اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران عصمت پنوں نے لیز پر حاصل کی گئی 200کنال سرکاری اراضی پر مکہ ٹاؤن سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ کے نام سے رہائشی کالونی کی تعمیر کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا ہے اور تحصیلدار و پٹواری حلقہ موضع چک گھمنانہ تحصیل و ضلع جھنگ کو انکوائری کے فیصلہ تک ہر قسم کی تعمیرات اور کسی بھی طریقہ سے رقبہ کو آگے منتقل کرنے سے باز و ممنوع رہنے کی ہدایت کی ہے نیز اس سلسلہ میں جاری کئے گئے حکمنامہ میں کہاگیاہے کہ حکم کی عدم تعمیل کی صورت میں تمام ذمہ داری محکمہ مال کے متعلقہ عملہ پر عائد ہوگی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔

یاد رہے کہ بعض افراد کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر /تحصیل کلکٹر جھنگ عمران عصمت پنوں کو دی گئی درخواستوں میں موٴقف اختیار کیاگیا ہے کہ موضع چک گھمنانہ تحصیل و ضلع جھنگ میں سال 1968 ء میں 200کنال (4000مرلے)سرکاری اراضی پاکستان میلاک فوڈ مینوفیکچررز انڈسٹریز لمیٹڈ کو 96250روپے کے عوض لیز پر دی گئی تھی جسے بعد ازاں متعلقہ افراد نے انتقال نمبر 1353مورخہ 8اگست 1968 ء کے تحت متعلقہ حکام کی ملی بھگت سے پرائیویٹ پراپرٹی کے طور پر درج کروالیاحالانکہ اس ضمن میں کالونی برانچ میں ڈسٹرکٹ کلکٹرکا کوئی حکم بابت حقوق ملکیت موجود نہ ہے اور نہ ہی انتقال مصدرہ کی رپٹ اور روزنامچہ واقعاتی میں اس کا کوئی ریکارڈ موجودہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موٴقف اختیارکیاکہ اب لیز ہولڈر غیر قانونی طور پر اس سرکاری اراضی پر مکہ ٹاؤن سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ کے نام سے ایک رہائشی کالونی تعمیر کررہے ہیں اور پلاٹوں کی فروخت کیلئے شہر بھر کے اہم مقامات پر انتہائی بڑے بڑے پرکشش فلیکس بورڈز آویزاں کردیئے گئے ہیں ا س طرح خزانہ سرکارکو اربوں روپے کانقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دریں اثناء مذکورہ واقعہ کے سلسلہ میں مزید تاریخ سماعت آج 14مارچ بروز ہفتہ مقرر کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں