نہر جھنگ برانچ اور رکھ برانچ کی اصلاح و بحالی پر ساڑھے چار ارب روپے خرچ کئے جائیں گے،عامر سلطان چیمہ

اتوار 24 ستمبر 2006 13:14

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2006ء) صوبائی وزیرآبپاشی چوہدری عامر سلطان چیمہ نے کہا ہے کہ نہر جھنگ برانچ اور رکھ برانچ کی اصلاح و بحالی پر ساڑھے چار ارب روپے خرچ کئے جائیں گے تاکہ علاقے کے کسانوں کی نہری پانی کی ضروریات پورا کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) کے تحت کسان تنظیمیں نئے نہری نظام کو خوش اسلوبی سے چلا سکیں انہوں نے یہ بات پیڈ کے زیر اہتمام ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت لوئر چناب کینال ویسٹ سرکل کے نہری انتظام و انصرام میں کسانوں کی شمولیت کے منصوبے سے آگاہی کے لیے جناح ہال میں منعقدہ کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کی کاوشوں سے کسانوں کی خوشحالی و ترقی اور زراعت کے استحکام کے لیے آبپاشی کے شعبہ میں متعارف کروایا جانے والا یہ نیا نہری نظام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور لوئر چناب کینال ویسٹ سرکل پر 3666 کھال پنچائتیں اور 85 کسان تنظیمیں عمل میں لاکر 237 نہروں کا انتظام و انصرام مکمل طور پر کسانوں کے سپرد کیا جا چکاہے جس کی بدولت ان کسانوں تنظیموں میں سے اٹھارہ نے سو فیصد جبکہ باقی نے 80 فیصد سے زائد آبیانہ وصول کیا ہے اس سے جبکہ آبیانہ وصول ہونیکی شرح صرف 40 فیصد تھی انہوں نے کہا کہ نئے نہری نظاممیں کسانوں کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتاہے کہ بیس کسان تنظیموں نے اپنی مدد آپ کے تحت گیارہ لاکھ بیالیس ہزار روپے راجباؤں کی تعمیر و مرمت پر خرچ کئے ہیں انہوں نے کہاکہ ان اصلاحات سے پانی چوری کے واقعات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے کسانوں کو نہری نظام میں شامل کرنے سے نہری پانی کی مساویانہ اور منصفانہ تقسیم اور ٹیلوں پر پانی پہنچ رہا ہے اور کسانوں میں اجتماعی مفاد میں مل جل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوا ہے صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت پنجاب سالانہ ترقیاتی پروگرام کا بارہ فیصد حصہ آبپاشی پر خرچ کر رہی ہے -

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں