جھنگ،سپاہ صحابہ کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل اور ایم این اے شیخ وقاص اکرم کے قریبی ساتھی محمدیوسف مجاہد قتل

ہفتہ 31 جنوری 2009 15:32

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جنوری۔2009ء) کالعدم سپاہ صحابہ پاکستان کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل محمد یوسف مجاہد کو ہفتہ کی علی الصبح نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا یوسف مجاہد کے قتل کی خبر جنگل میں آگ کی طرح شہرمیں پھیل گئی اور بڑی تعداد میں لوگ ان کی رہائش گاہ اورڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے جبکہ ملت اسلامیہ کے قائد مولانا محمد احمد لدھیانوی سمیت دیگر عہدیدار، رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم سمیت ناظمین کونسلرز کی بڑی تعداد بھی ہسپتال پہنچ گئی یوسف مجاہد فٹ بال اورباکسنگ کے بہترین کھلاڑی تھے اور انہوں نے تحریک ختم نبوت میں بھی بڑا فعال کردار ادا کیا انہوں نے 1985ء میں مولانا حق نواز شہید کے ساتھ مل کرسپاہ صحابہ کی بنیاد رکھی اور اس کے مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے وہ مولانا حق نواز، ضیاء الرحمان فاروقی اور مولانا اعظم طارق کے انتہائی قابل اعتماد ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے 2004ء میں یوسف مجاہد نے اختلافات کے باعث سپاہ صحابہ سے علیحدگی اختیار کرکے مخالف سیسای گروپ سے اتحاد کرلیا اس وقت یوسف مجاہد جھنگ سے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شامل تھے یوسف مجاہد نے ایک بیوہ اور تین بچوں کوسوگوار چھوڑا ہے قبل ازیں ان پر دومرتبہ قاتلانہ حملے ہوئے مولانا احمد لدھیانوی نے یوسف مجاہد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جھنگ کے امن کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم ایک عظیم دوست اور ساتھی سے محروم ہوگئے ہیں انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا جھنگ سے قومی اسمبلی کارکن اور مسلم لیگ ق کے مرکزی نائب صدر شیخ وقاص اکرم نے یوسف مجاہد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزادینے کامطالبہ کیا ہے اور کہا کہ قاتلوں نے میرا بازو کاٹ دیا ہے اورمیں قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چین سے نہیں بیٹھونگا شیخ محمد یعقوب ایم پی اے ضلع ناظم جھنگ صاحبزادہ سلطان حمید نے یوسف مجاہد کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں