اہلیان علاقہ بلو شہابل کا گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائی سکولوں ، بنیادی مرکز صحت اور ویٹرنری سنٹر کے قیام کا مطالبہ

جمعرات 6 اپریل 2017 16:53

جھنگ/ فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2017ء)ضلع جھنگ کا قدیم و تاریخی علاقہ بلو شہابل آج بھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس پراہلیان علاقہ نے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے علاقہ میں فوری طور پر گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائی سکولوں ، بنیادی مرکز صحت اور ویٹرنری سنٹر کے قیام کی اپیل کی ہے۔معززین علاقہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایاکہ جھنگ کا مضافاتی علاقہ بلو شہابل زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔

انہوںنے بتایاکہ دس ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل اس علاقے میں ڈاکخانہ اور ویٹرنری سینٹر تو دور کی بات زنانہ یا مردانہ ہائی سکولز بھی نہ ہیں جس سے علاقہ کے طلباء و طالبات کو شدید ترین مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے جنہیں زیور تعلیم سے آراستہ ہو نے کیلئے میلوں کا سفر طے کرتے ہوئے دوسرے علاقوں میں جانا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلو شہابل میں گورنمنٹ گرلز و گورنمنٹ بوائز ہائی سکولوں کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر احکامات جاری اور فنڈز فراہم کریں ۔

انہوںنے بتایاکہ موضع بلوشہابل میں بچوںکیلئے ایک بھی ہائی سکول نہیں اس طرح ہزاروں نفوس پر مشتمل اس علاقہ کے بچوں اور بچیوں کو مڈل کے بعد تعلیم کے حصول کے لیے 30 کلومیٹر دور جھنگ شہر جانا پڑتا ہے۔انہوںنے کہا کہ موجود مڈل سکول کی حالت بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہے جس پر سالہا سال سے کسی نے توجہ نہیں دی۔انہوںنے کہاکہ ہائی اسکولز، ڈاک خانہ، ویٹرنری سینٹر اور ہسپتال کے قیام کے لیے سینکڑوں مرتبہ علاقہ کے بااثر افراد کو کہا گیا مگر کسی نے آج تک یہاں کے مکینوں کی فریاد نہیں سنی۔

انہوںنے کہا کہ بنیادی مرکز صحت نہ ہونے کے باعث لوگوں کو علاج معالجہ کے لیے دور دراز کا سفر کرنا پڑتا ہے،اسی طرح مویشیوں و جانوروں کے علاج کے لیے کوئی لائیو سٹاک ویٹرنری سینٹر بھی موجود نہیں جس کے باعث اکثر اوقات کئی مویشی بلا علاج ہلاک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موضع بلو شہابل کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے کڑھیانوالہ، بنڈی بیگ، ماہنی، دھنو والا اور چک کڑیانہ سمیت کئی قریبی علاقے بھی مستفید ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں اس علاقے کے لیے گرلز ہائی سکول کی منظوری دی گئی تھی مگر چند بااثر افراد نے اس اسکول کو دوسرے علاقے میں منتقل کرا لیا۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود خان ،چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید اور دیگر ارباب اختیار و اقتدارسے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے جائز مطالبات کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کریں۔ انہوںنے علاقہ کیلئے منظور شدہ بنیادی مرکز صحت کے قیام کے منصوبہ کو بھی فوری عملی جامہ پہنانے کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں