مصالحتی سنٹرزکے بارے خصوصی آگاہی مہم کا سلسلہ شروع

پیر 29 مئی 2017 23:04

جھنگ ۔29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ کی ہدایات کے تحت مصالحتی سنٹرز کے بارے خصوصی آگاہی مہم کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مصالحتی مراکز کے قیام ، اہمیت اور ضرورت کے حوالہ سے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز،سینئر سول ججز، سول ججز، وکلاء حضرات اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عزیز اللہ کلو نے کہا کہ اے ڈی آر سنٹر کے ذریعے عوام الناس تک فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں کو مقدمہ بازی اور پیچیدگیوں سے بچا کر کسی قابل عمل حل پر آمادہ کرنا اے ڈی آرسنٹر کے قیام کا اولین مقصد ہے۔

(جاری ہے)

سینئر سول جج (ایڈمن ) وقار منصور بریار نے کہا کہ اخلاقی اقتدار اور سماجی روایات کا انحطاط ہمارے مسائل کی وجوہات میں سے ایک ہے ۔

عصر حاضر میں خاندان کے سربراہ کے مصالحتی کردار کا خاتمہ مقدمہ بازی کے فروغ کا سبب ہے مصالحتی مراکز کے قیام کا مقصد باہم دست و گریبان افراد اور گروہوں کو صلح پر آمادہ کرنا ہے تاکہ وہ ایک مفید شہری کے طور پر اپنے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ سیمینارسے سول جج شاہد حسن فتیانہ، صدر بار مہر منیرا حمد سدھانہ ،سینئر ایڈووکیٹ سید مطاہر علی شاہ ترمذی اور مذہبی سکالر ڈاکٹر ناصر نے مصالحتی مراکز کے کام اور طریقہ کار کے بارے مفصل تعارف اور قانونی نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام میں مصالحت کے ذریعے مقدمہ بازی کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔

جو ملک کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔انہوںنے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں صلح کے بارے میں واضع ہدایات موجود ہیں انہوںنے کہا کہ صلح کسی بھی معاشرے میں قیام امن کیلئے ایک موثر ذریعہ ہے ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں