رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے تمام تر انتظامات کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر

جمعہ 23 جون 2017 23:40

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے تمام تر انتظامات کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہٰذا ڈیوٹی افسران رمضان بازاروں میں عوامی سہولیات برقرار رکھنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں ۔یہ بات انہوں نے تحصیل اٹھارہ ہزاری اور گڑھ موڑ میں لگائے گئے سستے رمضان بازاروں کے معائنہ کے دوران کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازاروں میں پھلوں،سبزیوں ودیگرغذائی اشیاء کے معیار اور ان کی دستیابی ونرخوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے صنعتی رحجان کو روکنے کیلئے کڑے اقدامات کئے ہیں ۔انہوں نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ صارفین کے ساتھ اپنا رویہ درست رکھیںغیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت سے گریزکرتے ہوئے اپنی دکانوں میں ریٹ لسٹوں میں عام مارکیٹ اور سستے رمضان بازار کے نرخ درج کریں تاکہ اشیاء کی قیمتوں کے بارے صارفین کو واضح فرق نظر آئے اور صارفین پراعتمادطریقے سے خریداری کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر سستے رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی کے نظام پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ڈی سی مدثر ریاض ملک نے دوران معائنہ سستے رمضان بازاروں میں فروخت کے لئے رکھی گئی سبزیاں،پھل،دالیں،چاول،گوشت وغیرہ کی کوالٹی چیک کرتے ہوئے صارفین سے خریدی گئی اشیاء کے ریٹ بارے معلومات حاصل کرنے کے علاوہ مختلف دکانوں پر رکھے گئے وزن کے پیمانے اور چینی و آٹے کے تھیلوں کے وزن بھی چیک کئے ۔انہوں نے مذکورہ رمضان بازاروں میں دکانداروں اورصارفین کے لئے سایہ،فرسٹ ایڈ،شکایات بکس ودیگر ضروری سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں