ممکنہ شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں،ڈپٹی کمشنرجھنگ

منگل 4 جولائی 2017 23:36

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2017ء)ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک نے محکمہ انہار،ریونیو، ریسکیو1122اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سے احسن طریقے سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں ہر لحاظ سے مکمل رکھی جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے ٹھٹھہ ماہلہ کے حفاظتی بند کے معائنہ کے دوران جاری کیں۔

اس موقع پراسسٹنٹ کمشنرجھنگ شاہد عباس جوئیہ،چیئر مین بلدیہ شیخ نواز اکرم ،ایکسین محکمہ انہار،شیخ طاہر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرعلی حسنین اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اوردریائے چنا ب میں طغیانی کے پیش نظر حفاظتی بندوں کی مضبوطی کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالہ سے مسلسل اور موثر چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان کا اندیشہ نہ رہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ انہار کے افسران کی طرف سے دریائے چناب اور دریائے جہلم میں پانی کے اتار چڑھائو اور ہیڈ تریموں پر پانی کے اخراج کی سطح کے بارے مکمل بریفنگ دی گئی۔ انہوںنے محکمہ انہاراور ریونیو کے افسران کے باہمی رابطہ کو مزید موثر بنانے اور دریائوں میں پانی کے اتار چڑھائو کے حوالہ سے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا سلسلہ بحال رکھنے کے حوالہ سے ہدایات جاری کیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں