عالمی یوم آبادی کے موقع پر ضلعی محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد۔

منگل 11 جولائی 2017 23:22

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2017ء)عالمی یوم آبادی کے موقع پر ضلعی محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام ایک سیمینار کا انعقاد ضلع کونسل ہال میںکیا گیاجس میں ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک ، رکن قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم اور چیئر مین ضلع کونسل بابر خان سیال مہمانان خصوصی تھے جبکہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شاہد سلیم، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئراظہر حسین گھمن، این جی او ز کے نمائندگان ، سیاسی و سماجی شخصیات اور مردو خواتین نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے عالمی یوم آبادی کے حوالہ سے اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے لہٰذا آبادی کی فلاح و بہبود کیلئے ہر فرد اپنے کردار کو اولین ترجیح دے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملکی وسائل کا صحیح اور بہتر استعمال دور حاضر اور وقت کا تقاضا یہی ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کیا جا ئے۔ایم این اے شیخ محمد اکرم ،چیئر مین ضلع کونسل بابر خان سیال اور دیگر مقررین نے بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلاً روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بنیادی صحت اور تعلیم ہر بچے کا حق ہے، ایک خوشحال خاندان ہی ملک کی بقا کیلئے معاون ثابت ہوسکتا ہے جس کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ بے حد ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام، سماجی شخصیات، صحافی اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو اس ضمن میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوںنے مزید کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ہوں گے کیونکہ دنیا بھر میں آبادی کے لحاظ سے پاکستان چھٹے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ بہبود آبادی کے حوالہ سے ضلع بھر میں 1304لیڈی ہیلتھ ورکرز کام کر رہی ہیں جن کے ذریعے عوام میں بہبود آبادی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔بعد ازاں مہمانان خصوصی نے محکمہ کے افسران و عملہ کو اعلیٰ کارکردگی کی بنا پر شیلڈ بھی تقسیم کیں۔سیمینار کے اختتام پر آباد ی کو کنٹرول کرنے اور آگہی کے حوالہ سے ضلع کونسل ہال سے واک بھی منعقد کی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک ، رکن قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم اور چیئر مین ضلع کونسل بابر خان سیال نے کی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں