جھنگ میں مچھروں ، مکھیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی افزائش عروج پر ، متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ،شہریوں کا بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنانے کا مطالبہ

جمعرات 20 جولائی 2017 16:29

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) جھنگ میں مچھروں ، مکھیوں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی افزائش عروج پر پہنچ گئی ہے، وبائی متعدی امراض پھیلنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔ شہر کے سب سے اہم اور بڑے رہائشی علاقہ محلہ سلطان والا ، محلہ جوگیاں والا ، بستی رائیاں والی ، محلہ باغ والا اور نواحی علاقوں میں بند نالیوں ، ابلتے گٹروں ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں ، ملبے کے انبا ر ہیں، مگر دوسری جانب میونسپل کمیٹی جھنگ کا عملہ صفائی غائب ہو گیا ہے لیکن ضلعی انتظامی حکام ، چیئر مین بلدیہ ، چیف آفیسر اور چیف سنٹری انسپکٹر و سنٹری انسپکٹرز نے شہر میں نکل کر صورتحال کا جائزہ لینے کی بجائے پر اسرار چپ سادھ لی ہے ۔

جس پر شہریوں نے بگڑتی ہوئی صحت و صفائی کی ناقص صورتحال کے پیش نظر احتجاج کرتے ہوئے فوری صفائی کی مہم شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے،شہر کے تمام اہم سیاسی ، سماجی ، عوامی ، دینی حلقوں کی سر کردہ شخصیات کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت اور محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں سیزن کے دوران معمول سے زیادہ مون سون کی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے لیکن دوسری جانب میونسپل کمیٹی جھنگ کے متعلقہ حکام نے فوری ہنگامی پیشگی حفاظتی تدارکی اقدامات کی بجائے شہریوں کو ابتر حالت میں چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ابھی جھنگ میں مون سون کی ایک بھی موسلا دھار بارش نہیں ہوئی اس کے باوجود جھنگ کی ہر گلی محلے میں بند نالیوں اور ابلتے گٹروں کی وجہ سے سیوریج کا پانی ہی پانی نظر آرہا ہے۔دریں اثناء جھنگ کے شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی انتظامیہ اور چیئر مین بلدیہ جھنگ سمیت شہر کے ارکان اسمبلی سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر شہر بھر میں ہفتہ صفائی کے آغاز کے علاوہ نیا عملہ صفائی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے وافر مقدار میں ریڑھیوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں