ڈپٹی کمشنر کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دور

جمعہ 11 اگست 2017 22:56

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء)ایڈ منسٹریٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی /ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ادویات کے سٹور کی خصوصی چیکنگ کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو کہا ہے کہ شعبہ بیرونی مریضاں میںٹیسٹ اور دیگر معمولی نوعیت کے کاموں کے لئے آنے والے مریضوں کو زیادہ انتظار نہ کروایا جائے بلکہ انہیں فوری فارغ کیا جائے تاکہ دیگر مریضوں کے تشخیصی عمل میں رکاوٹ پیش نہ آئے۔

یہ ہدایات انہوںنے آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر جاری کیں۔ ایم ایس ڈاکٹرحبیب احمد بٹر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرشاہد سلیم اور دیگر انتظامی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ادویات کے مرکزی سٹور کے ریکارڈ اور سٹاک کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ مریضوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور خریداری کے مراحل کو بلا تاخیر مکمل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شعبہ بیرونی مریضاں میں مریضوں کو فوری طور پر ڈاکٹروں کے تشخیصی کمروں تک پہنچانے کے عمل کو مزید فعال اور تیز بنایا جائے اور اس ضمن میں درکار وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔مدثر ریاض ملک نے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے شعبہ کے توسیعی منصوبہ کا بھی جائزہ لیا اور اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کیں ۔بعد ازاں انہوںنے ہسپتال کے دیگر شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری کے سسٹم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور عملی طورپر غیر حاضر عملہ کے خلاف تادیبی کاروائی کا آغازکیا جائے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں