ضلع بھر میں ہیلتھ ویک کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے افسران بھرپور جذبے کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیں۔ ڈپٹی کمشنر

جمعرات 17 اگست 2017 00:30

جھنگ ۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں ہیلتھ ویک کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے افسران بھرپور جذبے کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں ہفتہ تحفظ صحت کا افتتاح کر تے ہوئے کہی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ حبیب احمد بٹر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد سلیم اور ہسپتال کا انتظامی عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔

ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں رواں ہفتہ کے دوران تحفظ صحت کیمپ میں مفت طبی معائنہ ، مفت لیبارٹری ، چیک اپ ، مفت ادویات اور مفت ٹیکہ جات لگانے کے حوالہ سے خصوصی کائونٹرز قائم ہیں جہاں پرچھ بنیادی بیماریاں جن میں ہیپاٹائٹس بی سی،ٹی بی کنٹرول، ملیریاکنٹرول ،ایڈز کنٹرول پروگرام اورزچہ و بچہ کا مربوط صحت پروگرام کے ساتھ ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات اور غیر متعددی امراض (دمہ، شوگر، بلڈ پریشر) کے ٹیسٹ فری کئے جائینگے اورٹارگٹ کے سو فیصد حصول کے حوالہ سے تمام مریضوں کا ڈیٹا کمپیوٹرپر ریکارڈ رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شاہد سلیم نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور مخصوص دیہی و بنیادی مراکز صحت پر صحت عامہ کے فروغ کیلئے تحفظ صحت کیمپس میں طبی مشاورت و آگاہی، معائنہ ، حفاظتی ٹیکہ جات ، تشخیص اور علاج معالجہ کی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائیگی جبکہ کمیونٹی کی سطح پر لیڈی ہیلتھ ورکز ماں کے دودھ کی افادیت، حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اور صحت سے متعلق دیگر مشورے دینے کے علاوہ پیٹ کے کیڑوں کی ادویات ، آئرن کی گولیاں، نمکول اور غذائی شاشے وغیرہ بھی فراہم کریں گی۔

انہوںنے بتایا کہ ضلع بھر میں 10تحفظ کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شورکوٹ اور اٹھارہ ہزاری جبکہ2دیہی مراکز صحت اور پانچ بنیادی مراکز صحت شامل ہیں مفت علاج معالجہ کے حوالہ سے موثرنگرانی کی جارہی ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحفظ صحت کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کی رجسٹریشن اور انکے لئے علاج معالجہ کی سہولیات کے حوالہ سے کئے گئے خصوصی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں