حالیہ برساتی موسم میں ڈینگی مچھر/لارواسے بچائو کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، سجاد احمد خان

منگل 12 ستمبر 2017 23:56

جھنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان نے کہا ہے کہ حالیہ برساتی موسم میں ڈینگی مچھر/لارواسے بچائو کیلئے فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے لہٰذا ہنگامی بنیادوں پر انسدادڈینگی مہم کی ٹیمیں گھرگھر ،گائوں گائوں ، قریہ قریہ جا کر مرد ،خواتین اور بچوں کو ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کے خاتمہ کے حوالہ سے معاونت فراہم کریں۔

یہ بات ا نہوںنے ڈینگی تدارک کے حوالہ سے ڈی سی آفس میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی جس میں ڈینگی کے حوالے سے محکمانہ کارروائیوں کی پیشرفت اور موجودہ موسم میں درکار تقاضوں کاجائزہ لیا گیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسرڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شاہد سلیم سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی ریونیوسجاد احمد خان نے کہا کہ ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے اس کے لاروا کی افزائش کا بروقت خاتمہ اس بیماری سے محفوظ رہنے کا بہترین طریقہ ہے کیونکہ جب لاروا مچھر کی صورت اختیار کر لیتا ہے تو اس سے بچائو قدرے مشکل ہو جاتا ہے ۔

انہوں نے انسداد ڈینگی اور رابطہ ٹیموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں ،سروس اسٹیشنز، ہوٹلوں ، ٹائر شاپس،نجی و سرکاری سکولوں و کالجز، پلازوں ،سرکار ی و غیر سرکاری عمارتوں کا دورہ کرکے وہاں ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ جہاں پانی زیادہ جمع ہو نکاسی کا بندوبست بھی کریں۔انہوںنے کہا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش صاف پانی میں ہوتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہر شہری اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے اردگر د صاف پانی اکٹھا نہ ہونے دیں۔بعد ازاں سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے انسداد ڈینگی سٹاف کی کارکردگی،مختلف علاقوں سے ڈینگی سرویلنس، سپرے اور ڈینگی مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میںبریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں