ایمرجنسی کی صورت میں عوام کو بھرپور امداد کا سلسلہ چوبیس گھنٹے جاری ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر

جمعہ 20 اکتوبر 2017 22:22

جھنگ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)پنجاب ایمرجنسی سروسز کے زیر اہتمام ریسکیو1122کا ڈسٹرکٹ اسٹیشن ضلعی ہیڈ کوارٹر نزد ڈسٹرکٹ جیل جھنگ قائم ہے جس میں میڈیکل ایمرجنسی روڈ ایکسیڈنٹ، ایمرجنسی ، آگ لگنے کے حادثات، سیلابی ایمرجنسی صورتحال، دریا میں ڈوبنے، عمارتیں منہدم ہونے کی ایمرجنسی کی صورت میں عوام کو بھرپور امداد کا سلسلہ چوبیس گھنٹے جاری ہے ۔

یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122انجینئرعلی حسنین نے ایک بریفنگ کے دوران بتائی ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سنڑل اسٹیشن میں4 افسران سمیت 159 تربیت یافتہ اہلکارمختلف شعبوںمیں ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں9ایمبولینسز، 2فائر وہیکل، 1موٹر بوزر،1ریسکیووہیکل اور ایک ریکوری وہیکل موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ شورکوٹ کے ریسکیو اسٹیشن میں ایمرجنسی سروسز کیلئے تین ایمبولیس،ایک ا ٓگ بجھانے والی گاڑی اورتربیت یافتہ عملہ تعینات ہے جو شورکوٹ شہر اور کینٹ سمیت گڑھ مہاراجہ، گڑھ موڑ اور احمد پور سیال اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی سروس فراہم کررہے ہیں ۔

ڈی او ایمر جنسی نے بتایا کہ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں ریسکیو اسٹیشن کی عمارت تکمیل کے مراحل میں ہے تاہم ٹی ایچ کیو ہسپتال اٹھارہ ہزاری میں ایمرجنسی سنٹر قائم کرکے وہاں ایمبولینسز اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جا چکا ہے جو اٹھارہ ہزاری کے علاوہ خوشاب روڈ ،بھکر روڈ اور لیہ روڈ سے ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز فراہم کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ان تمام سب اسٹیشنز کو ضرورت پڑنے پر ضلعی ہیڈ کوارٹر پر ہر قسم کی معاونت اور سپورٹ فراہم کی جاتی ہے اور ریسکیو سروسز کو چوبیس گھنٹے بحال رکھنے کے لئے گاڑیوں اور تمام آلات کی وقتا فوقتا ٹیکنکل انسپکش بھی کی جاتی ہے جبکہ ریسکیو اہلکاروں کا ماہانہ فٹنس ٹیسٹ بھی لیا جاتا ہے تاکہ وہ مستعدی سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں۔

انہوںنے بتایا کہ شدید زخمیوں کو بروقت ہسپتال سے طبی امداد کو فراہمی کویقینی بنانے کے حوالہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹرام سنٹر میں ریسکیو سنٹر قائم کیا جا چکاہے۔انجینئر علی حسنین نے مزید بتایا کہ ریسکیو1122کے شعبہ کمیونٹی ایجوکیشن سروسز کے تحت مختلف تعلیمی اور دیگر اداروں میں حادثات اور دیگر ایمرجنسی سے بچائو اور طبی امداد کے حوالہ سے تربیت بھی دی جاتی ہے۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریسکیوکے ایمرجنسی نمبروں پر غیر ضروری کال کرنے سے پرہیز کریں ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں