ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے تبادلہ کے موقع پر ضلعی عدلیہ کی طرف سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام

جمعہ 3 نومبر 2017 22:12

جھنگ۔3 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2017ء)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عزیزاللہ کلوکے تبادلہ کے موقع پر ضلعی عدلیہ کی طرف سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سینئر سول جج ایڈمن وقار منصور بریاراور دیگر جوڈیشل افسران بھی موجود تھے۔فاضل جج عزیزاللہ کلو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی ایک جج کی اوّلین ذمہ داری ہے لہٰذا جوڈیشل افسران اپنے فرائض تندہی کے ساتھ اور بلا خوف وخطر سرانجام دیتے رہیں۔

انہوںنے کہا کہ جھنگ میں عرصہ تعیناتی کے دوران بار اور بینچ کا آپس میں تعلق مزید بہتر بنانے کے حوالہ سے بھرپور کام کیا تاکہ مقدمات کے فوری فیصلہ جات کے ذریعے عوام کوبروقت اور مکمل انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

فاضل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عزیزاللہ کلو نے سیشن ، سول ججزاور دیگر جوڈیشل افسران کی طر ف سے انکے احکامات پر فوری عمل درآمد کرنے اورمقدمات کو بروقت نمٹانے پر ان کی کارکردگی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے جھنگ میں اپنے عرصہ تعیناتی کو یاد گاراور شاندار قرار دیا۔

بعدا زاں سینئر سول جج ایڈمن وقار منصور بریار اور دیگر جوڈیشل افسران نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عزیزاللہ کلوکی پیشہ وارانہ خدمات اور اعلیٰ قیادت کوخراج تحسین پیش کرکے انہیں رخصت کیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں