صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا گورنمنٹ سٹی ہسپتال جھنگ کا دورہ،

کپڑے میں لپیٹ کر سرکاری ادویات چوری کر کے لے جاتے ڈسپنسر محمد نوید رنگے ہاتھوں گرفتار،طویل ترین عرصہ تک تعیناتی کا ریکارڈ توڑنے والاایم ایس معطل،فارمیسی سے ایکسپائر ادویات بر۱ٓمد ،صفائی کی ناقص صورتحال سخت برہمی کا اظہار،

اتوار 24 دسمبر 2017 18:30

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 دسمبر2017ء) :صوبائی وزیر صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب خواجہ عمران نذیر نے گورنمنٹ سٹی ہسپتال جھنگ کا دورہ کیا اور اچانک دورہ کے دوران کپڑے میں لپیٹ کر سرکاری ادویات چوری کر کے لے جاتے ہوئے ہسپتال کے ڈسپنسر محمد نوید کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اس کی فوری معطلی کے احکامات جاری کردئیے جبکہ طویل ترین عرصہ تک گورنمنٹ سٹی ہسپتال جھنگ میں تعیناتی کا ریکارڈ توڑنے والے مبینہ کرپٹ ایم ایس و سینئر میڈیکل ۱ٓفیسرڈاکٹر رائو محمد ارشدکو بھی فوری طور پر معطل کردیا گیا، صوبائی وزیر کی چیکنگ کے دوران ہسپتال کی فارمیسی سے ایکسپائرڈیٹ ادویات بھی بر۱ٓمدہوئیں ،صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ناقص پائی گئی جس پر وزیر صحت نے چیف ایگزیکٹو ۱ٓفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ ڈاکٹر اختر حسین بلوچ اور ایم ایس پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے نہ صرف انکی سرزنش کی بلکہ ہسپتالوں کے صفائی سمیت دیگرمعاملات فوری بہتر بنانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنمنٹ سٹی ہسپتال کے مختلف امور میں ہونے والی کرپشن اورلوکل پرچیز کے نرخوں میں تضادات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سٹی ہسپتال جھنگ کی فارمیسی میں موجود زائد المیعاد ادویات کی بر۱ٓمدگی پر کہا کہ حکومت عوام کو تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے گھر کی دہلیز کے قریب ہسپتالوں و مراکز صحت کو مطلوبہ مقدار میں ادویات فراہم کررہی ہے لیکن یہ امر انتہائی شرمناک ہے کہ ایکسپائر ادویات تو ہسپتال کی فارمیسی میں موجود ہیں جبکہ صحیح ادویات ہسپتال کا عملہ دن دیہاڑے چوری کرکے لے جارہا ہے جس سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ متعلقہ افسران یا تو ساتھ ملے ہوئے ہیں یا نا اہل ہیں تاہم دونوں صورتوں میں انہیں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ سٹی ہسپتال جھنگ اور دیگر ہسپتالوں میں صفائی کا ناقص انتظام کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ جب افسران اپنے اداروں میں صحت و صفائی کا نظام ہی بہتر نہیں بنا سکتے تو ان سے دیگر امور میں بہتری کی بھی توقع نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنیکل پنجاب ڈاکٹر عاصم الطاف کو گورنمنٹ سٹی ہسپتال جھنگ میں ادویات کا سپیشل ۱ٓڈٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لوکل پرچیز کی گئی ادویات و دیگر سامان کے نرخوں میں تضادات انتہائی تشویشناک ہیں جن کی تحقیقات کے دوران اگر کوئی کرپشن ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے ساتھ ۱ٓہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے سرکاری ہسپتالوں سے مریضوں کو نجی ہسپتالوں اور کلینکس پر ریفر کرنے کے واقعات پر بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف کو ہدایت کی کہ ان واقعات کی فوری چھان بین کرکے انہیں تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی سمیت اس گھٹیا عمل کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔انہوں نے سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس صاحبان کو ہسپتالوں کی ۱ٓئوٹ سورس کی گئی سروسز کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے شکایات فوری دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں