پُر امن اور صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے صحافیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، مہر خالد محمود سرگانہ

اتوار 31 دسمبر 2017 21:40

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 دسمبر2017ء) ممبر صوبائی اسمبلی مہر خالد محمود سرگانہ نے کہا ہے کہ پُر امن اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے صحافیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ان کی مثبت تنقید منتخب عوامی نمائندوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب اور جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام جرنلسٹ ایوارڈ 2017ء کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صدر پریس کلب ملک لیاقت علی انجم، سیکریٹری پریس کلب خرم سعید، صدر یونین آف جرنلسٹس مصعب فاروق اور دیگر عہدیداران کے علاوہ بڑی تعداد میں صحافی موجود تھے۔ مہر خالد محمود سرگانہ نے کہا کہ پریس کلب جھنگ نے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈ دینے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اس سے صحافیوں میں کام کرنے کی لگن اور شوق پیدا ہوتاہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مہرخالد محمود سرگانہ نے پریس کلب کے دس ممبران آفتاب احمد خان ترین، عبدالحمید، رانا غلام عارف، اکمل فاروق، ادریس لیاقت، شیخ بلال شہباز، صاحبزادہ ذاکر الرحمن ، شفقت اللہ سیال،جاوید گوانس اور مہر قیصر بھبھڑانہ میں جرنلسٹ ایوارڈ 2017ء کی شیلڈز تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب لیاقت علی انجم نے کہا کہ جرنلسٹ گروپ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہر سال نہ صرف جرنلسٹ ایوارڈ بلکہ عمرہ کی قرعہ اندازی کی تقریب بھی منعقد کرتا رہے گا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں