گنے کے کاشتکاروں اور کسانوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 16 فروری 2018 20:23

جھنگ۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2018ء)ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ضلع کی شوگر ملز انتظامیہ کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں اور کسانوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔گنے کی خریداری میںمڈل مین کے کردار کے خاتمہ ، کم وزن اور ادائیگیوں میں سست روی کی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائیگااور گڑ بڑ میں ملوث عناصر کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی۔

یہ ہدایات انہوںنے شوگر ملوں کے افسران اور کاشتکاروں کے نمائندگان کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیاقت علی ملک ، اسسٹنٹ کمشنر زاور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے شوگر ملزمالکان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کاشتکارو ں کو گنے کے سرکاری طورپر مقررہ نرخ 160 روپے فی من کے حساب سے ادائیگیوں کی رسید جاری کریں بصورت دیگرانکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ خوراک کے افسران کو تاکید کی کہ وہ گنے کی خریداری کے حوالہ سے مانیٹرنگ کے نظام کو فعال طریقے سے سرانجام دیں اور گنے کے کاشتکاروں کی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائے اور ملوث متعلقہ مل انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں ۔ اجلاس کے دوران شوگر ملز کے افسران نے یقین دہانی کروائی کہ وہ گنے کے کاشتکاروں اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے اور کسی قسم کی شکایت کا موقع نہیں دیںگے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں